جامعہ ملیہ : اسٹڈی ان انڈیا(ایس آئی آئی) پورٹل ہوا لانچ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-08-2023
 جامعہ ملیہ : اسٹڈی ان انڈیا(ایس آئی آئی) پورٹل ہوا  لانچ
جامعہ ملیہ : اسٹڈی ان انڈیا(ایس آئی آئی) پورٹل ہوا لانچ

 

نئی دہلی : مرکزی وزیر برائے امور خارجہ ڈاکٹر جے شنکر اور مرکزی وزیر برائے تعلیم،ہنر فروغ اور انٹرپرینیوشپ دھرمیندر پردھان نے آج اسٹڈی ان انڈیا(ایس آئی آئی) پورٹل کو لانچ کیا ۔اس پروگرا م میں مرکزی وزیرمملکت برائے تعلیم،ڈاکٹر سبھاس سرکار،مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم و امور خارجہ ڈاکٹر راج کمار سنگھ کے علاوہ سینئر عہدیدار اور اعلی تعلیمی اداروں کی ممتاز علمی ہستیاں بھی شریک ہوئیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے اینکسی ایکٹینشن، نئی دہلی میں منعقدہ پروگرام میں پروفیسر نجمہ اختر (پدم شری)،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بھی شرکت کی۔

پروفیسر نجمہ اختر، شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کہاکہ اسٹڈی ان انڈیا پورٹل کو لانچ کرنا حکومت کی عمدہ پہل ہے جس میں غیر ملکی طلبا کو ہندوستان کے تعلیمی اداروں سے متعلق اہم معلومات ملیں گے کہ وہ کیسے اپنے مطالعات کی منصوبہ بندی کریں، کیسے یہاں قیام کرنا ہے اور اپلائی کرنے کے کیا کیا قواعد و ضوابط ہیں اور اس طرح کی دیگر معلومات اس میں فراہم کرائی جائے گی۔

اسٹڈی ان انڈیا سے متعلق جامعہ ملیہ اسلامیہ کو غیر ملکی طلبا کی متعدد درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور ابھی تک یونیورسٹی نے سڑسٹھ غیر ملکی طلبا کو داخلہ دیا ہے۔اس کے علاوہ چھیانوے بیرونی طلبا جن کی درخواستیں آئی سی سی آرسے موصول ہوئیں اور سوپرنومیری زمرے کے تحت بیالیس بیرونی طلبا کو بھی یونیورسٹی میں داخلہ دیا گیاہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بیرونی طلبا کے داخلے کی آخری تاریخ تیس اگست دوہزار تیئس ہے۔

سرِدست جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مختلف کورسیز میں تیس سے زیادہ ممالک کے طلبا تحصیل علم کررہے ہیں۔بیرونی طلبا کو جامعہ کے مختلف کورسیز میں لانے کے لیے یونیورسٹی متعدد اقدامات کررہی ہے کیوں کہ پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس ضمن میں اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیاہے۔یونیورسٹی نے اپنے پورٹل

www.jmi.ac.in

پر ایک کتابچہ اپلو ڈ کیا ہے جس میں یونیورسٹی کی حالیہ کامرانیوں، تاریخ اور بیرونی طلبا کے لیے سہولیات اور دیگر مطلوبہ معلومات اس میں درج ہیں۔یونیورسٹی نے بیرونی طلبا کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ایک دارالاقامہ بھی تعمیر کرنا شروع کردیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس ہاسٹل میں عالمی معیار کی سبھی سہولیات مہیا ہوں گی۔