نئی دہلی،:جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کے قبرستان میں آج بریگیڈیئر محمد عثمان، ایم وی سی، المعروف "ہیرو آف نوشہرہ" کی شہادت کی یاد میں ایک پُروقار گلدستہ خراج عقیدت تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تقریب 50 ویں پیرا بریگیڈ اور 10 ویں ڈوگرا رجمنٹ کی جانب سے مشترکہ طور پر منظم کی گئی۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے شہید بریگیڈیئر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانی، حب الوطنی اور جرات کو سلام پیش کیا۔ ان کے ساتھ پروفیسر اقتدار محمد خان سمیت جامعہ کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ جنرل پشپیندر سنگھ (پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، وی ایس ایم)، کرنل آف پیرا شوٹ رجمنٹ تھے۔ اس موقع پر دیگر اعلیٰ فوجی افسران بشمول لیفٹیننٹ جنرل گربیر پال سنگھ (ڈی جی این سی سی)، لیفٹیننٹ جنرل نربھئے شرما (سابق گورنر)، میجر جنرل جے چندرن، میجر جنرل آہوجا، بریگیڈیئر دابس (ڈپٹی بریگیڈ کمانڈر)، بریگیڈیئر سنہا (ریٹائرڈ)، کرنل گوپال سنگھ (وی ایس ایم، ریٹائرڈ)، کرنل ویک پندت (ریٹائرڈ)، کرنل یش سریواستو (ریٹائرڈ) اور دیگر موجود تھے۔ تقریب میں کل 25 افسران اور سابق فوجی اہلکاروں نے شرکت کی۔
بریگیڈیئر محمد عثمان کو نوشہرہ اور جھنگر (جموں و کشمیر) کی دفاع اور بازیابی کے لیے جنگ 1947-48 کے دوران ان کی مثالی قیادت کے باعث قوم کا ہیرو مانا جاتا ہے۔ اُن کی قیادت میں پیرا بریگیڈ نے پاکستانی قبائلی حملہ آوروں سے نوشہرہ کا دفاع کیا اور بعد ازاں جھنگر کو دشمن کے قبضے سے آزاد کرایا۔
3 جولائی 1948 کو دشمن کے توپ خانے سے داغا گیا ایک گولہ ان کے قریب گرا، جس سے وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ان کی قربانی آج بھی وطن سے وفاداری، بہادری اور قربانی کی اعلیٰ مثال کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔
تقریب کے دوران موجود افسران اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ارکان نے ان کے مزار پر پھول چڑھائے اور ان کی روح کے لیے دعائیں کیں۔