نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ نے جاپانی اداروں اور یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی اشتراکات سے متعلق امکانات کے جائزے کے لیے کل جاپان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایجنسی(جے ایس ٹی) کے اعلی سطح کے وفد کی میزبانی کی۔ جے ایس ٹی وفد میں جناب تکاشی کونیشی،ڈائریکٹر و پروگرام آفیسر اور جناب یوجی نیشی کاوا،مشیر سکورا سائنس پروگرام،جے ایس ٹی شامل تھے۔میٹنگ میں جامعہ کی جانب سے اہم علمی شخصیات موجود تھیں۔ ان اہم لوگوں میں پروفیسر اشوندر کور پوپلی، ڈین،انٹرنیشنل ریلیشنس، پروفیسر تنوجا ڈین،اکیڈمک افیئرز،پروفیسر کفیل احمد،ڈین رسرچ اینڈ انویشن،پروفیسر میتو گپتا،صدر،ڈپارٹمنٹ بایو ٹکنالوجی،پروفیسر تنویر احمد کمپوٹر انجینرئنگ اور پروفیسر محمد ذوالفقار،شعبہ طبیعیات اور کارگزار ڈائریکٹر سینٹر فار نینو سائنس و نینو ٹیکنالوجی شامل تھے۔
پروفیسر اشوندر کور پوپلی نے وفد کا خیر مقدم کیا اور مہمانوں کے سامنے یونیورسٹی کے تعلیمی منظر نامے کو پیش کرتے ہوئے اس کی متنوع فیکلٹیز، تحقیقی مراکزاور جاری بین الاقوامی اشتراکات پر زو ر دیا۔اس کے بعد جاپانی وفد نے اپنا تعارف پیش کیا اور ہند۔جاپان کے مابین تعلیمی و تحقیقی لین دین کو فروغ دینے میں اس کے رول پر زور دیتے ہوئے جے ایس ٹی کے مشن اور پروگراموں کی تفصیلی خاکہ حاضرین کے سامنے رکھا۔انھوں نے جے ایس ٹی کے حالیہ لانچ کردہ لوٹس پروگرام کو تفصیل سے بتایا جس کا مقصد مصنوعی ذہانت، بایو ٹیکنالوجی،توانائی، مٹیریل، قوانٹم ٹیکنالوجی،سیمی کنڈکٹر اور ٹیلی کمیو نی کیشنز جیسے اہم شعبوں میں ترقی یافتہ مطالعات اور تحقیق کے لیے جاپان میں تین سو نوجوان ہندوستانی محققین کو سالانہ مدعو کرنا تھا۔ پروفیسر کونیشی نے وفد کو بتایا کہ جے ایس ٹی ہندوستان کے ڈپارٹمنٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) جیسا ہی کام کرتاہے اور طلبہ اور فیکلٹی اراکین کی ترقی کو سہل تر بناتاہے۔
انھوں نے واضح کیاکہ دلچسپی رکھنے والے جامعہ کے طلبہ یا فیکلٹی اراکین جاپان کے میزبان اداروں اور فیکلٹی اراکین جو درخواست کی کاروائی شروع کریں گے ان سے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔جے ایس ٹی پرائیوٹ سیکٹر کی کمپنیوں میں مواقع سمیت تحقیقی مقاصد کے لیے قیام اور انٹرن شپ کے سلسلے میں پوری مدد کرے گی۔ تبادلہء خیالات کے بعد جامعہ کے تحقیقی بنیادی ڈھانچے اور اس میدان میں یونیورسٹی میں دستیاب سہولیات دکھانے کے لیے پروفیسر محمد ذوالفقار اور پروفیسر اشوندر کور پوپلی، وفد کو سینٹر فار نینو سائنس اینڈ نینو ٹیکنالوجی لے کر گئے۔وفد نے جامعہ کے سائنسی ماحول اور اشتراکی روح کی ستائش کی۔ بین الاقوامی انگیجمنٹ بڑھانے کی خاص طور سے جاپان کے ساتھ،اس سلسلے میں جامعہ کی کوششوں میں یہ دورہ سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے اور تحقیق، جدت و اختراعیت اور اعلیٰ تعلیم میں طویل مدتی بامعنی ساجھیداری کے لیے اسٹیج تیار کرتاہے۔