جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 22-06-2026
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

 



نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں 12واں بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 نہایت جوش و خروش اور وسیع عوامی شرکت کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر جامعہ کے نواب منصور علی خاں پٹوڈی اسپورٹس کمپلیکس میں گیمز اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ اور دفترِ ڈین طلبہ بہبود کے اشتراک سے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 600 سے زائد اساتذہ۔ غیر تدریسی عملے۔ افسران۔ طلبہ۔ این ایس ایس اور این سی سی رضاکاروں کے علاوہ اطراف کی بستیوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے تقریب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کا براہ راست خطاب بڑی اسکرین پر سنا اور قومی سطح پر منعقد ہونے والی تقریبات میں اپنی شرکت درج کرائی۔ اس سال یوگا دیوس کا موضوع ’’صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا‘‘ تھا جس کے تحت جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے شرکاء کے ساتھ یوگا کی مشق کی قیادت کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر کی اہلیہ محترمہ سیدہ پروین۔ گیمز اینڈ اسپورٹس کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر محمد محفوظ الحق۔ ڈائریکٹر گیمز اینڈ اسپورٹس پروفیسر نفیس احمد۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر محمد عابد۔ چیف پراکٹر پروفیسر محمد اسد ملک۔ ڈائریکٹر سی آئی ای ڈاکٹر ریحان خان سوری۔ مختلف فیکلٹیوں کے ڈین۔ شعبہ جات کے سربراہان اور بڑی تعداد میں اساتذہ و طلبہ بھی موجود تھے۔

یوگا کی عملی تربیت معروف ماہرِ یوگا پروفیسر ڈاکٹر بدر الاسلام خیرآبادی نے دی جنہوں نے وزارتِ آیوش کے مقرر کردہ ضابطوں کے مطابق مختلف آسنوں اور مدراؤں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے یوگا کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ طرزِ زندگی سے وابستہ بیماریوں کے علاج۔ جسمانی لچک۔ جوڑوں کی صحت اور ذہنی سکون کے لیے نہایت مفید ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اچھی صحت کے لیے متوازن غذا۔ مناسب آرام اور بہتر طرزِ عمل بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور یہی یوگا کا اصل پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا نہ صرف جسم اور ذہن کو مضبوط بناتا ہے بلکہ انسان کو اپنے جذبات پر قابو پانے اور منفی رویوں سے بچنے کی بھی تربیت دیتا ہے۔

انہوں نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں مستقل بنیادوں پر یوگا کی کلاسوں کا آغاز کیا جائے گا تاکہ اساتذہ۔ ملازمین اور طلبہ پورے سال یوگا کی مشق کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یوگا 365‘‘ کے تصور کے تحت یوگا کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔

جامعہ کے رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے اپنے پیغام میں طلبہ اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ صحت مند زندگی۔ جسمانی لچک۔ بہتر خون کی گردش اور ذہنی دباؤ میں کمی کے لیے یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی میں شامل کریں۔

ڈائریکٹر گیمز اینڈ اسپورٹس پروفیسر نفیس احمد نے کہا کہ یوگا صحت مند بڑھاپے کے لیے ایک آزمودہ اور مؤثر ذریعہ ہے۔ روزانہ یوگا کی مشق جسمانی توازن برقرار رکھنے۔ جوڑوں کی صحت محفوظ رکھنے اور گرنے جیسے خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ بین الاقوامی یومِ یوگا کی تیاریوں کے سلسلے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیمز اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ اور سنسکرت شعبے کی جانب سے گزشتہ دنوں متعدد تربیتی نشستوں اور عملی ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جن میں بڑی تعداد میں طلبہ اور ملازمین نے شرکت کی۔