جامعہ ملیہ اسلامیہ :عرب کلچر ل سینٹرکے سالانہ تہذیبی وثقافتی پروگرام ’عکاظ‘ دوہزارتیئس کا انعقاد

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 25-05-2023
جامعہ ملیہ اسلامیہ :عرب کلچر ل سینٹرکے سالانہ تہذیبی وثقافتی پروگرام ’عکاظ‘ دوہزارتیئس کا انعقاد
جامعہ ملیہ اسلامیہ :عرب کلچر ل سینٹرکے سالانہ تہذیبی وثقافتی پروگرام ’عکاظ‘ دوہزارتیئس کا انعقاد

 

 نئی دہلی :: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے انڈیا عرب کلچرل سینٹرنے سینٹر کے کانفرنس ہال میں بائیس مئی دوہزار تیئس کو اپنا سالانہ تہذیبی و ثقافتی پروگرام ’عکاظ‘ دوہزار تیئس، منعقد کیا۔اس سال کا سالانہ پروگرام تہذیب کے عنوان کے تحت تھا جس میں طلبا کے لیے خطاطی اور اشتہار سازی،فوٹوگرافی اور عربی پوشاکوں کی نمائش کے مقابلے ہوئے۔سینٹر کے طلبااور ریسرچ اسکالروں سے قطع نظریونیورسٹی کے دوسرے شعبہ جات اور مراکز کے طلبا نے بھی مقابلوں اور جشن میں شرکت کی۔ہر زمرے میں پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے شرکا کے لیے اسنادوانعامات کے علاوہ چند طلبا کو تشجیعی انعامات اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

سینٹر کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر ناصر رضا خان نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے مختلف معاشرتی گروہوں کو جوڑنے کے سلسلے میں تہذیب کے رول پر زور دیا۔انھوں نے کہاکہ ہم ایسی دنیا میں جی رہے ہیں جس میں چیزوں کو شناختوں کے ذریعہ منضبط کیا جاتاہے اور تہذیب شناخت کی ایک کلیدی خصوصیت بن گئی ہے۔

سینٹر کے سبجیکٹ ایسو سی ایشن کے مشیر ڈاکٹر آفتاب احمد نے پروگرام کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام کی اہمیت اس کے نام سے عیاں ہے کیوں کہ’عکاظ‘ کا لفظ قدیم عربوں کی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرتاہے۔

اشتہار سازی کے لیے دوعلاحدہ علاحدہ عنوانات دیے گئے تھے ایک ’تحفظ ماحولیات‘اور دوسرے ’اسلامی خطاطی‘جس میں یونیورسٹی کے دیگر شعبہ جات اور مراکز کے طلبانے بھی جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔طلبا سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ناصر رضا خان نے ماحولیات کے تئیں بیداری،کیمپس کو صاف ستھرا رکھنے اور زیادہ سے زیادہ صفائی کا خیال رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے ماحولیات کے تحفظ میں مدد بہم پہنچانے سے متعلق شاندار اشتہارات بنانے کے لیے طلبا کی تعریف کی۔

سینٹر فار ویسٹ ایشین اسٹڈیز کے پروفیسر ایچ۔اے۔ نظمی،پروفیسر شاہد جمال انصاری،ڈاکٹر عتیق الرحمان اورآئی اے سی سی کے ڈاکٹر احسن رضا پروگرام میں شریک ہوئے اور پروگرام کی تعریف کی۔آخری سمسٹر کے طلبا کے لیے الوداعی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں فارغ ہونے والے طلبانے اپنے تجربات کا اظہار کیا اور انھیں مومنٹوز سے سرفراز کیا گیا۔اخیر میں سبجیکٹ ایسو سی ایشن کے مشیر ڈاکٹر آفتاب احمد نے پروگرام کے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کے انعقاد میں تعاون دینے والے طلبا اور اساتذہ کی کوششوں اور خدمات کی ستائش کی