نئی دہلی :نیشنل ایجوکیشن پالسی مادری زبان میں تعلیم اور ثقافتی وراثت کے تحفظ کی وکالت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب چین اور عراق جیسے ممالک اپنی زبان میں تعلیم دے سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں۔اس رائے کا اظہار جامعہ ملیہ اسلامیہ رجسٹرار پروفیسر مہتاب رضوی نے کیا ،وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 105ویں یومِ تاسیس کے موقع پر خطاب کررہے تھے، جس کے دوسرے دن محکمہ سماجی خدمات نے ڈاکٹر ایم اے انصاری آڈیٹوریم میں نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے امکانات کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی پینل مباحثہ منعقد کیا گیا، یہ پروگرام شعبہ کی سالانہ ایس آر محسن میموریل لیکچر سیریز کا بھی حصہ تھا۔
خیرمقدمی خطاب میں پروفیسر رضوی نے ہندوستانی علم و دانش کے نظام کو موجودہ تعلیم میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج کا دن جامعہ کے لیے خاص ہے کیونکہ ہمارے درمیان وہ شخصیات موجود ہیں جنہوں نے این ای پی کی تیاری اور نفاذ میں اہم کردار ادا کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ جس طرح یونان کے فلسفی افلاطون، سقراط اور ارسطو نے دنیا کی سیاسی فکر کو متاثر کیا اسی طرح ہمیں کوٹلیہ، مہاویر اور بدھ جیسے ہندوستانی مفکرین کے نظریات کو بھی سمجھنا چاہیے۔
پینل میں ممتاز ماہرین تعلیم شامل تھے جن میں پروفیسر انیل ڈی سہسرابدھے، چیئرمین این ای ٹی ایف، این بی اے، این آئی آر ایف اور این اے اے سی ایگزیکٹیو کونسل، پروفیسر مامیدالا جگدیش کمار، سابق چیئرمین یونیورسٹی گرانٹس کمیشن اور سابق وائس چانسلر جے این یو، اور پروفیسر ڈی پی اگروال، سابق چیئرمین یونین پبلک سروس کمیشن شامل تھے۔ اجلاس کی صدارت جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے کی جبکہ رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی بھی موجود تھے۔
پروفیسر مامیدالا جگدیش کمار نے ’’این ای پی: ملٹی پل انٹری اینڈ ایگزٹ‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق کا آغاز تجسس اور سوالات سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ای پی کا چوتھا سال تحقیق کے لیے مخصوص ہے اور یہ سوچ ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوگل، فائبر آپٹک نیٹ ورک اور مصنوعی ذہانت کی ترقی میں ہندوستانیوں کا نمایاں کردار رہا ہے۔
پروفیسر ڈی پی اگروال نے ’’تسلیم شدگی اور اساتذہ کا کردار‘‘ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ہی این ای پی 2020 کی کامیابی کی اصل قوت ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس وژن کا حوالہ دیا کہ ہر قوم کو اپنے نظریات کے مطابق تعلیم دینے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے مسلسل تربیت، تکنیکی مہارت اور نئی تعلیم کو اپنانے پر زور دیا۔
پروفیسر انیل سہسرابدھے نے ’’درجہ بندی: قومی و بین الاقوامی نقطۂ نظر‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درجہ بندی وقت کے ساتھ بدلتی رہتی ہے مگر تحقیق اور تدریس کا معیار ہی حقیقی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی بین الموضوعاتی تعلیم اور 48 شعبوں و 28 تحقیقی مراکز کے ساتھ این ای پی کے نفاذ کے لیے بہترین نمونہ پیش کرتی ہے۔
پروفیسر منی شاژی تھامس نے ’’نئی تعلیم تا نئی تعلیمی پالیسی: 1920 تا 2020 اور اس کے بعد‘‘ کے عنوان سے پریزنٹیشن دی جس میں انہوں نے بتایا کہ گاندھیائی نظریات اور جامعہ کے بانی اصول این ای پی کے بنیادی مقاصد سے میل کھاتے ہیں۔

اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ این ای پی 2020 کو پوری دیانتداری سے نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ تین زبانوں کے فارمولے پر عمل کر رہی ہے اور ہر طالب علم کو ایک ہنر سکھانے پر زور دیتی ہے۔
پروگرام کا اختتام پروفیسر آر آر پاٹل، سربراہ شعبہ سماجی خدمات کے شکریہ کے کلمات سے ہوا۔ اس موقع پر شعبہ سماجی خدمات کے پلاسمنٹ بُروشر کی رسمِ اجرا بھی انجام دی گئی۔
یوم تاسیس کے دیگر پروگراموں میں ڈاکٹر ذاکر حسین لائبریری کی جانب سے ’’بانیان جامعہ اور مصنفین جامعہ‘‘ کے عنوان سے کتب نمائش اور ’’جامعہ مصنفین کی کتابیات‘‘ کی رسمِ اجرا شامل تھی۔ پروگرام کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد جامعہ اسکول کے طلبہ نے جامعہ ترانہ پیش کیا