نئی دہلی 26ستمبر(یو این آئی) بزنس اینڈ ایمپلائمنٹ بیورو( بی ای بی ) اور جامعہ ہمدرد کے اشتراک سے آج سیونک اسکل ڈپلومہ اور فورنسنک سائنس سرٹیفکیٹ کی ایک ایوارڈ تقریب جامعہ ہمدرد کے حکیم عبدالحمید آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی جہاں جامعہ کے چانسلر حماد احمد ، وائس چانسلر ڈاکٹر افشار عالم ، بی ای بی کے ایگزیکٹیو سکریٹری شوکت مفتی ، پروفیسر منجو چھگانی سمیت بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی۔ اس موقع پر چانسلر کے ہاتھوں ٹریننگ حاصل کرنے والوں کو اسناد تقسیم کی گئیں۔
تقریب ایوارڈ سے خطاب کرتے ہوئے شوکت مفتی نے کہاکہ آج سلائی اور فورنسنک سائنس کی ٹریننگ حاصل کرنے والے طلبہ کو ایوارڈ دینے کے لیے یہ تقریب منعقد کی گئی ہے تاہم یہ ٹریننگ بی ای بی اور جامعہ ہمدرد کے تعاون سے ان طلبہ کو دی گئی تاکہ یہ لڑکے اور لڑکیاں برسرروزگار ہوسکیں۔ آج سلائی میں 43 طالبات کوڈپلومہ تقسیم کئے گئے اور23 لوگوں کو فورنسنک سائنس میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے اور یہ دونوں پہلا بیچ تھا۔ اگلے بیچ کے لیے ہم جلد تیاری شروع کریںگے۔
انھوںنے بتایا کہ حکیم عبدالحمید نے بی ای بی کی بنیاد رکھی تھی, جس کا مقصد تھا کہ بے روزگار لوگوں کو ٹریننگ دے کر انھیں برسرروزگار کیا جائے اور یہ حکیم صاحب کی دوراندیش تھی انھیں اپنی قوم و ملت کی حالت کا بخوبی علم تھا اس لیے انھوںنے یہ ادارہ قائم کیا اور تب سے لیکر آج تک ہم حکیم صاحب کے اسی مشن پر گامزن ہیں۔انھوںنے کہاکہ اس کار خیر میں ہمیں چانسلر حماد احمد ، حامد احمد اورساجد احمد کا مکمل تعاون حاصل رہتا ہے نیز وائس چانسلر بھی ہر ممکن مدد کرتے ہیں۔
ڈاکٹر افشار عالم نے بی ای بی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ جو خواب حکیم صاحب نے دیکھا تھا اور جس مقصد کے تحت بی ای بی کا قائم عمل میں آیا تھا ،بی ای بی اس پر کھرا تری ہے اور اب تک ہزاروں لوگوں کو ٹریننگ دے کر روزگار سے جوڑ چکی ہے ، یہ اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ آج دو طرح کی ٹریننگ مکمل ہوئی اور بڑی تعداد میں بچوں نے ٹریننگ حاصل کی ہے ، ہمیں امید ہے کہ یہاں سے فارغ ہوکر یہ بچے کسی پر منحصر نہیں رہیں گے بلکہ اپنا کاروبار یا نوکری کرکے روزگار سے جڑیں گے۔ یہی ہمارا مقصد بھی ہے۔
پروفیسر منجو چھگانی نے کہاکہ اس ٹریننگ کے دوران پوری نظر رکھی گئی۔ ہمیں امید ہے کہ یہ بچے آگے جاکر بہت کامیاب ہوں گے۔ میں بھی اس سے وابستہ رہی۔ جامعہ کے رجسٹرار ڈاکٹر عالم نے بھی بچوں کی ستائش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ڈریس ڈزائنر ناز کا کہنا ہے کہ یہ ایک کامیاب پروگرام تھا۔ چانسلر نے اپنے ہاتھوں سے اسناد دیں,یہ بڑے فخر کی بات ہے۔ یہاں شوکت مفتی نے یہ بہت اچھا کام کیا ہے ساتھ ہی منجو چھگانی نے بھی اپنا تعاون دیا۔