جماعت اسلامی ہند کی جانب سے اُتّرکاشی ریسکیو آپریشن میں مدد کی پیشکش

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2025
جماعت اسلامی ہند کی جانب سے اُتّرکاشی ریسکیو آپریشن میں مدد کی پیشکش
جماعت اسلامی ہند کی جانب سے اُتّرکاشی ریسکیو آپریشن میں مدد کی پیشکش

 



 نئی دہلی:جماعت اسلامی ہند نے اتراکھنڈ کے ضلع اُتّرکاشی میں بادل پھٹنے اور اس کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امدادی کارروائیوں میں اپنے کارکنان کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

جماعت اسلامی ہند کے نائب صدر پروفیسر سلیم انجینئر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں کہا کہ وہ اس سانحے سے انتہائی رنجیدہ ہیں اور ان کی تنظیم ہر ممکن مقام پر امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا:"ہم ملک کے تمام شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس آزمائش کی گھڑی میں اُتّرکاشی کے متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں۔ جہاں جہاں ممکن ہو، جماعت اسلامی ہند کے کارکنان اور رضاکار مقامی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے اداروں کے ساتھ مل کر جاری امدادی و راحت کاری کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کو تیار ہیں۔"

جماعت نے ریاستی حکام اور سیکورٹی اداروں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے فوری اور مؤثر ریلیف کے لیے عوامی اشتراک کی بھی اپیل کی ہے۔ ہم فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور دیگر ایجنسیوں کی تعیناتی کی قدر کرتے ہیں، تاہم لاپتہ افراد کی تلاش اور بے گھر ہونے والے لوگوں کی مدد کے لیے کوششوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔

 

سب سے زیادہ متاثرہ گاؤں "درہالی" ہے، جو 5 جولائی کو بادل پھٹنے کے بعد مٹی کے تودے تلے دب گیا۔ بھارتی فوج، آئی ٹی بی پی اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اس گاؤں تک پہنچنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔