نئی دہلی:جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) کے قومی سکریٹری مولانا شفیع مدنی دیگر قائدین کے ہمراہ پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے پر گئے۔ وفد نے ضلع کپورتھلہ کے سلطان پور لودھی کے سانگرا اور بؤپور جدید دیہات، ضلع پٹھان کوٹ کی تحصیل میں سنڈر چک، بہادرپور اور کولیا سفر گاؤں، اور ضلع جالندھر کے سندھ پور کا دورہ کیا۔ کولیا گاؤں میں 30 پختہ مکانات سیلاب کی نذر ہوگئے جبکہ افسوسناک طور پر چار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جن میں تین کمسن بہن بھائی اور ایک 75 سالہ دادی شامل ہیں۔
دورے کے دوران جماعت اسلامی ہند کے وفد نے سکھ برادری کے عمائدین، نوڈل افسران اور متاثرہ گاؤں والوں سے ملاقات کی اور ان کی فوری ضروریات کا جائزہ لیا۔ گفتگو میں اس بات پر زور دیا گیا کہ متاثرین کو ہمہ جہت ریلیف فراہم کیا جائے جس میں کھانا، پناہ، صاف پینے کا پانی، طبی سہولیات اور طویل مدتی بازآبادکاری کے اقدامات شامل ہوں تاکہ خاندان اپنی زندگی دوبارہ سنبھال سکیں۔
جماعت اسلامی ہند اور "سوسائٹی فار برائٹ فیوچر" کے رضاکار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں۔ وہ ضروری اشیاء تقسیم کر رہے ہیں، طبی امداد پہنچا رہے ہیں اور بے گھر خاندانوں کی ہر ممکن مدد کررہے ہیں۔
جماعت اسلامی ہند کے قومی سکریٹری مولانا شفیع مدنی نے کہاکہ ہم سیلاب متاثرین کی مشکلات سے گہری تشویش میں ہیں۔ جماعت اسلامی ہند اپنی شریک تنظیموں کے ساتھ مل کر ہر ممکن بنیادی سہولیات، کھانا، پناہ، طبی امداد اور بازآبادکاری، فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مکمل طور پر حالات معمول پر نہ آجائیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی ہند سیلاب زدہ برادریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی راحت، بحالی اور بازآبادکاری کے لیے انتھک محنت کرتی رہے گی۔ ہم حکومت سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ ریلیف کی تقسیم میں تیزی لائے، متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر کرے اور متاثرین کے لیے مناسب معاوضے کے پیکیج کا اعلان کرے تاکہ وہ اپنی زندگی دوبارہ بسا سکیں۔مولانا شفیع مدنی نے عوام اور اہل خیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ہاتھ بڑھائیں تاکہ یہ بحران آسانی سے پار کیا جا سکے۔