نئی دہلی: جماعتِ اسلامی ہند کے صدر سید سادات اللہ حسینی نے “ہمسایوں کے حقوق” کے عنوان سے 21 سے 30 نومبر 2025 تک ملک گیر مہم کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جس کا نعرہ ہے: “مثالی پڑوس، مثالی سماج”۔ اس دس روزہ مہم کا مقصد ہمسایوں کے ساتھ حسنِ سلوک، خیر خواہی اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
میڈیا کو جاری بیان میں جماعتِ اسلامی ہند کے صدر نے کہا،
“اسلام میں ہمسایوں کے حقوق کو بے حد اہمیت دی گئی ہے۔ قرآن مجید نہ صرف قریبی ہمسایوں بلکہ اُن ’عارضی ہمسایوں‘ یعنی راستے کے ساتھیوں، دفتر کے ساتھیوں، سفر کے شریکوں اور حتیٰ کہ پیدل چلنے والے ہم راہیوں تک کے ساتھ حسنِ سلوک کی تعلیم دیتا ہے۔ اس مہم کے ذریعے ہم مسلمانوں کو ان بنیادی تعلیمات کی یاد دہانی کرانا چاہتے ہیں، تاکہ وہ مثالی ہم سایہ بن کر اسلام کی اصل روح کو معاشرے کے سامنے پیش کریں۔”
سید سادات اللہ حسینی نے مزید کہا کہ“جس معاشرے کی بنیاد اچھے ہم سایگی پر ہو، وہ خود بخود مثالی معاشرہ بن جاتا ہے۔ جب ہم سایے ایک دوسرے کے ساتھ نرمی، درگزر اور انصاف کا برتاؤ کرتے ہیں تو اس کے اثرات پورے سماج پر پڑتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ مہم نہ صرف ہمسایوں کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کو کم کرے گی، بلکہ اسلامی اقدار—رحم، شفقت اور سماجی ذمے داری—کی عملی مثال بھی بنے گی۔ہمسایوں کے حقوق مہم” کے قومی کنوینر محمد احمد نے بتایا کہ یہ مہم خاص طور پر شہروں میں بڑھتی انفرادیت پسندی کے رجحان کے پس منظر میں ہے، جس کی وجہ سے ہمسایوں کے درمیان تعلقات کمزور پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مہم کا مقصد باہمی ہمدردی، تعاون، صفائی اور ٹریفک ڈسپلن کو اسلامی سماجی ذمے داری کے طور پر فروغ دینا ہے۔
مہم میں مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی، جیسے مختلف مذاہب کے ہمسایوں سے ملاقاتیں، چائے کی محفلیں، خواتین اور نوجوانوں کے لیے خصوصی پروگرام، محلہ صفائی مہم، سڑک کے حقوق سے متعلق ریلیاں اور ثقافتی مقابلے۔ اس دوران غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں تک خاص طور پر پہنچنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط کرنے پر توجہ دی جائے گی، تاکہ اسلام کے بارے میں پھیلی غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ ’اپنے ہم سایے کو جانیے‘ جیسی سرگرمیاں، محلہ سطح پر ثقافتی نشستیں، اور مقامی کمیٹیوں کی تشکیل بھی کی جائے گی، تاکہ مہم کے بعد بھی یہ روابط مضبوط رہیں۔