جماعت اسلامی ہند نے بنگلہ دیش کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-12-2025
جماعت اسلامی ہند نے بنگلہ دیش کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا
جماعت اسلامی ہند نے بنگلہ دیش کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
بنگلہ دیش میں تشدد کی آگ بھڑک رہی ہے اور حالات نہایت خراب ہو چکے ہیں۔ اسی درمیان جماعتِ اسلامی ہند کے صدر سید سعادت اللہ حسینی کا بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے پڑوسی ملک میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی، سماجی اور سیکیورٹی صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اقتدار میں موجود افراد سے ذمہ داری، تحمل اور جمہوری اصولوں کے ساتھ مضبوط وابستگی کے تحت کام کرنے کی اپیل کی، تاکہ امن، استحکام اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔
حسینی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے واقعات ملک کو بے انتہا عدم استحکام اور تشدد کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون و نظم کی کمزوری نے سماج دشمن عناصر کو حالات سے فائدہ اٹھانے کا موقع دیا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں، املاک اور اداروں پر حملے ہو رہے ہیں۔
ہندو نوجوان کے قتل کی جماعتِ اسلامی ہند کی مذمت
پیر (22 دسمبر) کو میڈیا کے لیے جاری بیان میں سید سعادت اللہ حسینی نے افواہوں کے پھیلنے کے بعد بنگلہ دیش میں ایک اقلیتی شہری کی حالیہ لنچنگ کی سخت مذمت کی اور اسے افسوسناک، قابلِ مذمت اور نہایت تشویشناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات جہاں کہیں بھی ہوں، اخلاقی طور پر غلط، قانونی طور پر جرم اور سماج کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی الزام، کوئی بھی جذباتی کیفیت اور کوئی بھی سیاسی صورتِ حال ہجوم کے تشدد یا کسی انسان کی جان لینے کو درست قرار نہیں دے سکتی۔
امتیاز اور ہجوم کی من مانی ناقابلِ قبول
جماعتِ اسلامی ہند کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اقلیتوں کی حفاظت کسی بھی حکومت کی اخلاقی ساکھ اور آئینی حیثیت کا بنیادی پیمانہ ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیشی حکام سے اپیل کی کہ اقلیتی برادریوں کی جان و عزت کا تحفظ یقینی بنایا جائے، عبادت گاہوں کی حفاظت کی جائے اور یہ واضح پیغام دیا جائے کہ تشدد، امتیاز اور ہجوم کی من مانی کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔
یکجہتی صحت مند معاشرے کی اجتماعی ضمیر کی علامت
انہوں نے کمزور طبقات کے دفاع کے لیے عام شہریوں اور سول سوسائٹی گروپس کے آگے آنے کی خبروں کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی عوامی یکجہتی صحت مند معاشرے کی اجتماعی ضمیر کی عکاسی کرتی ہے اور سماجی ہم آہنگی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اُن عناصر سے بھی خبردار کیا جو خوف، نفرت اور بدامنی پھیلانے کے لیے حساس مذہبی معاملات کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں۔
تشدد بھڑکانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو
اس کے ساتھ ہی حسینی نے بنگلہ دیش کی حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تشدد بھڑکانے والوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف میں تاخیر تشدد پسند عناصر کو حوصلہ دیتی ہے اور جمہوری و قانونی اداروں پر عوام کا اعتماد کمزور کرتی ہے۔ انہوں نے بروقت اور شفاف طریقے سے مصدقہ معلومات کے ذریعے افواہوں کا توڑ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، اور کہا کہ ایسے جرائم پر سخت اور غیر جانبدار کارروائی ضروری ہے تاکہ واضح پیغام جائے کہ ہجوم کے تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
جماعتِ اسلامی ہند بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ
انہوں نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی جانب سے جاری مذمتی بیانات اور اب تک کی گئی گرفتاریوں کا بھی خیرمقدم کیا۔ سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ جماعتِ اسلامی ہند بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور امید رکھتی ہے کہ ایک پُرامن اور منصفانہ حل سامنے آئے گا، جس سے جمہوری حکمرانی بحال ہو، قانون کی بالادستی مضبوط ہو اور تمام شہریوں کے لیے تحفظ، حقوق اور انصاف کی ضمانت میسر آئے۔