نئی دہلی: وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں کہا کہ ویزا جاری کرنا ہر حکومت کا ایک خودمختار (سَوَرَن) حق ہے، اور امریکہ کو اپنے قومی سلامتی کے جائزے کی بنیاد پر کسی کو ویزا دینا یا نہ دینا کا اختیار حاصل ہے۔ ایوانِ بالا میں ضمنی سوالات کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ امریکہ نے حال ہی میں—اور تازہ اعلان بدھ کو ہوا—ویزا فیصلوں کو مکمل طور پر قومی سلامتی سے متعلق فیصلہ قرار دیا ہے۔
جے شنکر نے یہ بات ایسے وقت میں کہی ہے جب امریکہ کی جانب سے ویزا ’اسکریننگ‘ نظام مزید سخت کیے جانے، اور اب درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلی جانچ کی خبریں سامنے آنے پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔ اندازہ ہے کہ اس کا اثر بھارتی درخواست گزاروں پر بھی پڑ سکتا ہے۔ جے شنکر نے کہا، ’’ویزا جاری کرنا کسی بھی حکومت کا خودمختار حق ہے۔
امریکہ کے معاملے میں، ان کا واضح موقف ہے—اور کل کا اعلان اس کی مثال ہےکہ ہر ویزا فیصلہ ایک قومی سلامتی کا فیصلہ ہے۔ اس لیے وہ کسی شخص کی قومی سلامتی سے متعلق حیثیت کا جائزہ لے کر ویزا پر فیصلہ کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ امریکی حکومت نے عوامی طور پر کہا ہے کہ طالب علموں کے ویزا کے معاملات میں وہ تمام درخواست گزاروں سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز ’پبلک‘ (عام) کرنے کو کہیں گے تاکہ وہ درخواست دینے والوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی مکمل جانچ کر سکیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ان کا عوامی طور پر اعلان کردہ مؤقف ہے۔‘
‘ ضمنی سوالات کے جواب میں جے شنکر نے بتایا کہ طلبہ کے ویزا منسوخ یا رد کیے جانے کا مسئلہ اپریل 2025 سے شروع ہوا، جب امریکی وزیر خارجہ نے نئی پالیسی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، ’’اس کے نتیجے میں نسبتاً معمولی خلاف ورزیوں پر بھی طلبہ کے ویزا منسوخ کیے گئے۔
کئی معاملات میں ان پر خود اختیاری جلاوطنی (self-deportation) کا دباؤ بھی ڈالا گیا۔‘‘ اس مسئلے پر بھارت کی جانب سے امریکی حکام سے بات کیے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر نے کہا، ’’جی ہاں، جن معاملات کی ہمیں اطلاع ملی اور جہاں طلبہ نے براہِ راست ہمارے قونصل خانوں یا سفارت خانے سے رابطہ کیا، وہاں ہمارے مشنز نے مداخلت کی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ بھارت نے امریکی نظام کو یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ معمولی نوعیت کی خلاف ورزی ایسے سخت اقدامات کی بنیاد نہیں بننی چاہیے۔ حال ہی میں امریکہ نے H-1B ویزا درخواست گزاروں اور ان کے H-4 انحصار کرنے والوں کے لیے اسکریننگ اور جانچ کے اقدامات میں توسیع کی ہے، جس میں تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز ’پبلک‘ کرنے کی ہدایت بھی شامل ہے۔
بدھ کو جاری نئے حکم کے مطابق 15 دسمبر سے H-1B درخواست گزاروں اور ان کے اہلِ خانہ کی آن لائن موجودگی کا جائزہ امریکی حکام لیں گے۔ یہ ہدایت ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امیگریشن قوانین کو سخت کرنے کے سلسلے کا تازہ ترین قدم ہے۔