نئی دہلی/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بار بار یہ دعویٰ کرنا کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوئے تنازع کے دوران سیز فائر کروایا تھا، اس پر ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایک بار پھر واضح مؤقف پیش کیا ہے۔ جے شنکر نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیز فائر دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز (ڈی جی ملٹری آپریشنز) کے درمیان بات چیت کے بعد ہوا تھا، اس میں کسی تجارتی معاہدے کا کوئی کردار نہیں تھا۔
یاد دلا دیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ امریکہ نے تجارت روکنے کی دھمکی دی تھی اور اسی وجہ سے ہندوستان اور پاکستان جنگ سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔
ہندوستان اور پاکستان کے سیز فائر کا ٹرمپ نے پھر لیا کریڈٹ، کانگریس کا شدید ردعمل
ٹرمپ کے بیان پر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے جمعرات کو واشنگٹن ڈی سی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا، ’’اس وقت جو کچھ بھی ہوا، اس کا ریکارڈ بالکل واضح ہے، اور سیز فائر ایک ایسا معاملہ تھا جس پر دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان بات چیت ہوئی تھی۔جے شنکر نے مزید کہا کہ اب میں اس معاملے کو یہیں چھوڑتا ہوں۔
آپریشن سندور کے بعد کشیدگی بڑھی تھی
آپریشن سندور کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بہت بڑھ گئی تھی، لیکن 10 مئی کو دونوں ممالک نے سیز فائر کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت سیز فائر کی خبر خود ٹرمپ نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی تھی۔
ہندوستان نے کی تھی ایئر اسٹرائیک
یاد دلا دیں کہ پہلگام حملے کے جواب میں ہندوستان نے آپریشن سندور کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے ) میں موجود دہشت گرد ٹھکانوں پر 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات زبردست فضائی حملہ کیا تھا۔ اس ایئر اسٹرائیک میں ہندوستان نے پاکستان کے 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا تھا۔