جموں و کشمیر: بدعنوانی کے الزام میں 9 سرکاری ملازمین برطرف

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-06-2022
جموں و کشمیر:  بدعنوانی کے الزام میں 9 سرکاری ملازمین برطرف
جموں و کشمیر: بدعنوانی کے الزام میں 9 سرکاری ملازمین برطرف

 

 

آواز دی وائس، سرینگر

جموں وکشمیر انتظامیہ نے  بدعنوانی کے الزام کے تحت ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ محکمہ کے 9 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔ محکمہ ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے ایک حکمانے کے مطابق ان ملازمین کو جموں و کشمیر سیول سروس ریگولیشن کے دفعہ 226(C) کے تحت بدعنوانی کے الزام میں برطرف کیا گیا ہے۔

 محکمہ کے مطابق ان ملازمین کے خلاف بدعنوانی، غیر قانونی تجاوزات کی تعمیرات میں ملوث، فرضی بلز پاس کرنا اور غیر قانونی تقرریوں جیسے جرائم ملوث پائے گئے ہیں۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ دفعہ 226(c) کے مطابق سرکار کو یہ اختیارات ہیں کہ وہ ان ملازمین کو برطرف کرے جن کو "ڈیڈ ووڈ" قرار دیا گیا ہو اور وہ ملازم22 برس کی سروس مکمل کی ہو یا عمر میں 48 برس کو پہنچ چکے ہوں۔ ان ملازمین میں سری نگر میونسپل کارپوریشن کے معراج الدین بوجھا شامل ہیں۔

 معراج الدین بوجھا کو اس سے قبل انسداد رشوت خوری کی ٹیم نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ معراج الدین بوجھا طویل عرصے سے سری نگر کے معروف زیارت دستگیر صاحب (سرائے بالا، امیراکدل) کی منیجنگ کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے تھے۔ 

ان کے علاوہ اننت ناگ میونسپل کمیٹی کے ایگزیکٹو افسر غلام محی الدین، شبیر احمد وانی اسسٹنٹ سٹیشن افسر شوپیاں، ذاکر علی سینٹری سپر وائزر میونسپل کمیٹی ڈوڈہ، عبدالطیف ہیڈ اسسٹنٹ میونسپل کمیٹی بانہال، سوکیش کمار سینیئر اسسٹنٹ میونسپل کمیٹی ڈوڈہ، گوہر علی ٹوگو سیکرٹری ڈائریکٹوریٹ اربن لوکل باڈیز کشمیر، شگفتہ علی سیکرٹری ڈائریکٹوریٹ اربن لوکل باڈیز کشمیر اور ٹھاکر داس الیکٹرشن میونسپل کمیٹی ریاسی شامل ہیں۔