بھوپال
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے راجیہ سبھا انتخابات میں ’’سیٹ چوری‘‘ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ کانگریس امیدوار میناکشی نٹراجن کا ’’کھیل بگاڑنے‘‘ کا کام خود ان کی جماعت کے رہنماؤں نے کیا، کیونکہ پارٹی کے کئی لیڈروں کی نظر اسی نشست پر تھی۔راجیہ سبھا کی تین نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات میں منگل کے روز اس وقت ڈرامائی موڑ آیا جب حلف نامے میں معلومات چھپانے کے الزام میں میناکشی نٹراجن کا نامزدگی فارم مسترد کر دیا گیا۔
راجیہ سبھا کے انتخابی افسر اروِند شرما کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ دستیاب دستاویزات کی جانچ کے بعد یہ پایا گیا کہ میناکشی نٹراجن نے نامزدگی کے ساتھ جمع کرائے گئے فارم 26 میں ایک عدالتی شکایت کا ذکر نہیں کیا اور نامکمل حلف نامہ جمع کرایا تھا۔
مدھیہ پردیش اسمبلی کے ایک افسر کے مطابق، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار مہیش کیوٹ نے انتخابی افسر کے پاس شکایت درج کرائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ میناکشی نٹراجن نے اپنے حلف نامے میں تلنگانہ میں اپنے خلاف درج ایک مقدمے کا ذکر نہیں کیا۔
کانگریس نے اس فیصلے کو جمہوریت کا قتل قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ اب ’’ووٹ چوری‘‘ کا معاملہ نہیں بلکہ ’’سیٹ چوری‘‘ کا معاملہ بن گیا ہے۔ پارٹی نے اس معاملے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ موہن یادو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ’’جان بوجھ کر‘‘ اور ’’سازش کے تحت‘‘ میناکشی نٹراجن کے فارم میں غلطیاں کیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس نشست پر کئی کانگریسی رہنماؤں کی نظر تھی۔ جب انہیں ٹکٹ نہیں ملا تو میناکشی نٹراجن کا کھیل بگاڑنے کا کام خود کانگریسیوں نے کر دیا۔یادو نے کہا کہ پنچایت اور سرپنچ کے انتخابات میں بھی امیدواروں کو اپنے مجرمانہ ریکارڈ کی تفصیلات دینا ہوتی ہیں، اس لیے جب 10 سے زائد مرتبہ انتخابات لڑ چکے لوگ راجیہ سبھا جیسے اہم انتخاب میں ایسی غلطیاں کرتے ہیں تو اسے اتفاق نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے اسے ایک سوچی سمجھی ’’سازش‘‘ قرار دیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب کانگریس کو ’’خود احتسابی‘‘ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل لوک سبھا انتخابات میں سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کو ان کے سیاسی گڑھ چھندواڑہ میں شکست دے کر بی جے پی نے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
موہن یادو نے کہا کہ اگر کانگریس اپنے امیدوار کا فارم درست طریقے سے نہیں بھر سکتی، اپنے اراکین اسمبلی کو متحد نہیں رکھ سکتی اور اپنی اعلیٰ قیادت کے فیصلوں کو قبول نہیں کر سکتی تو اس میں بی جے پی کیا کر سکتی ہے؟
انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اپنی غلطیوں کا جائزہ لینا چاہیے اور کسی امیدوار کو نامزد کرنے سے پہلے کم از کم اس کا پس منظر ضرور جانچ لینا چاہیے۔اس سے قبل ریاستی وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما کیلاش وجے ورگیہ نے منگل کے روز دعویٰ کیا تھا کہ میناکشی نٹراجن کے معاملے میں تلنگانہ کے کانگریسی رہنماؤں نے ہی ضروری دستاویزات فراہم کی تھیں۔
نٹراجن کی نامزدگی مسترد ہونے کے بعد وجے ورگیہ نے صحافیوں سے کہا کہ جہاں تک ہمیں موصول ہونے والی دستاویزات کا تعلق ہے، یہ ہمیں کس نے فراہم کیں؟ آپ سمجھ سکتے ہیں کہ کانگریس کس ریاست میں حکومت میں ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ ہمیں تلنگانہ سے متعلق دستاویزات مل رہی ہیں، ایک ایسی ریاست جہاں کانگریس برسرِ اقتدار ہے۔ ہمارے پاس خود کوئی معلومات نہیں تھیں۔ یقیناً کانگریس کے ہی کسی رکن نے یہ دستاویزات ہمیں فراہم کی ہوں گی۔
ریاست میں راجیہ سبھا کی تین خالی نشستوں میں سے حکمراں بی جے پی کے لیے دو نشستیں جیتنا پہلے ہی تقریباً یقینی تھا، لیکن میناکشی نٹراجن کی نامزدگی منسوخ ہونے کے بعد تیسری نشست بھی بی جے پی کے حصے میں جاتی دکھائی دے رہی ہے۔
بی جے پی نے اپنے قومی جنرل سیکریٹری ترون چُغ اور ریاستی یونٹ کے سیکریٹری راجنیش اگروال کو امیدوار بنایا ہے، جبکہ تیسری نشست کے لیے مدھیہ پردیش مچھیرا فلاحی بورڈ کے چیئرمین مہیش کیوٹ پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔