آن لائن گیمنگ: اشونی وشنو نے کی اہم میٹنگ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-09-2025
آن لائن گیمنگ: اشونی وشنو نے کی اہم میٹنگ
آن لائن گیمنگ: اشونی وشنو نے کی اہم میٹنگ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک میں تیزی سے بڑھتے ہوئے آن لائن گیمنگ سیکٹر کو لے کر مرکزی حکومت اہم اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت اس سیکٹر کو کنٹرول میں رکھنے اور عوام کو نقصان سے بچانے کے لیے قدم اٹھا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں مرکزی آئی ٹی وزیر اشوِنی ویشنو نے پیر کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے آن لائن گیمنگ سیکٹر کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس میٹنگ میں خاص طور پر ای-اسپورٹس (انٹرنیٹ پر کھیلے جانے والے مقابلہ جاتی کھیل) اور دوستوں کے ساتھ کھیلے جانے والے سوشل گیمز کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ گیمنگ انڈسٹری نے قانون کے تقاضوں پر عمل یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ اس سے پہلے جمعہ کو بھی گیمنگ کمپنیوں کے نمائندوں نے مرکزی آئی ٹی سکریٹری کے ساتھ میٹنگ کی تھی، جس میں گیمنگ قانون کے تحت بنائے گئے اصولوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی تھی۔
ادائیگی گیٹ وے کو سخت ہدایات
سکریٹری سطح کی اس میٹنگ میں گیمنگ پلیٹ فارم کے نمائندوں کے علاوہ بینکنگ اور فن ٹیک نمائندے بھی شریک تھے۔ میٹنگ کا مقصد ادائیگی کے درمیانی اداروں اور بینکوں کو نئے قانون کے ساتھ جوڑنا تھا۔ میٹنگ میں بینکوں اور ادائیگی گیٹ ویز کو کہا گیا کہ وہ اس قانون کو انتہائی سنجیدگی سے لیں، بلاکنگ اور رپورٹنگ کے لیے نظام نافذ کریں، اور فن ٹیک کمپنیوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ عوام کی شکایات کی نگرانی کریں اور پیسوں کے بہاؤ  کا پتہ لگائیں۔
حالیہ دنوں میں آن لائن گیمز بے حد مقبول ہو گئے ہیں۔ کچھ لوگ کھیلتے کھیلتے اپنا پیسہ گنوا بیٹھتے ہیں اور ساتھ ہی دھوکہ دہی کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ اسی وجہ سے حکومت نے اس شعبے کو ریگولیٹ کرنے کے ارادے سے ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں تین اہم نکات پر بات چیت ہوئی
آن لائن گیمنگ کو کس طرح محفوظ بنایا جائے؟
پیسہ لگا کر کھیلنے والے صارفین کے پیسے کی حفاظت کیسے ہو؟
گیمنگ کمپنیوں کو ہندوستانی قوانین پر عمل کرنے کے طریقوں کا جائزہ کیسے لیا جائے؟
میٹنگ میں ہوئی گفتگو
میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت کا مقصد اس شعبے کو فروغ دینا ہے لیکن اس کے ساتھ یہ بھی واضح کر دیا گیا کہ عوام کو کسی بھی طرح کا نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ مرکزی وزیر نے تجویز دی کہ گیمنگ کمپنیوں کو یہ یقینی بنانے کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر کرنی چاہئیں کہ صارفین کی جمع شدہ رقم کے ساتھ کوئی دھوکہ نہ ہو۔ حکام نے بتایا کہ کچھ کمپنیوں نے پہلے ہی نئے قوانین کے مطابق تبدیلیاں کر لی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اس شعبے کی اصل طاقت مستقبل میں اسی وقت بنے گی جب قوانین کا احترام ہو، اصولوں پر عمل کیا جائے اور عوام کے پیسے کی حفاظت کی جائے۔
نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع
آن لائن گیمنگ سیکٹر اس وقت پورے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار اور آمدنی فراہم کر رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس کو صحیح سمت دی جائے تو نوجوانوں کو مزید بہتر مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ صرف کھیلنے تک ہی نہیں بلکہ گیم بنانے والے تکنیکی شعبے میں بھی بے شمار نوکریاں پیدا ہو رہی ہیں۔