جہیز سے سماج کو پاک کرنا دینی فریضہ ہے:مولانا قاسمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
جہیز سے سماج کو پاک کرنا دینی فریضہ ہے:مولانا قاسمی
جہیز سے سماج کو پاک کرنا دینی فریضہ ہے:مولانا قاسمی

 

 

ہردوئی : آسان مسنون نکاح مہم کو ہر گھر تک پہنچانا اور جہیز کی لعنتہ سے سماج کو پاک کرتے ہوئے سادگی سے نکاح کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش کے زیر اہتمام آسان مسنون نکاح مہم کے سلسلے میں 23/11/2021 کی شب میں ہردوئی کی تاریخی سرزمین ملاواں میں عظیم الشان جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت مولانا عبد الجبار قاسمی نائب صدر جمعیت علماء اترپردیش مشرقی زون نے ان خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ارتداد کو روکنے کے لیے ہمیں نکاح کو آسان بنانا ہوگا

اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کررہے اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا مہدی حسن عینی قاسمی نے اصلاح معاشرہ کمیٹی بورڈ کی جانب سے شائع شدہ اقرار نامہ کی روشنی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہیز کی لعنت سے سماج کو پاک کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے اور نکاح کو سادہ و مسنون طریقے پر انجام دینے کے لیے تقریب نکاح کا سلسلہ ختم کرکے مسجد میں نکاح کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں اسلام کے نظام نکاح پر تفصیلی روشنی ڈالی اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی "آسان و مسنون نکاح مہم" سے ہر فرد کو جڑنے کی تلقین کی،انہوں نے کہا کہ خوشگوار ازدواجی زندگی کے لئے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو طے کرنا ہوگا کہ وہ ڈی جے، باجہ،ناچ گانا،ہلدی،منڈھا جیسی رسوم و رواج اور فحاشی سے کلی اجتناب کرتے ہوئے اسوہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کے مطابق نکاح کریں گے اور ولیمہ میں فضول خرچی سے بچیں گے نیز اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر پوری توجہ صرف کریں گے۔

 اس موقع پر اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے جاری اقرار نامہ کو پڑھ کر سبھی سامعین سے تمام نکات پر اقرار بھی کرایا گیا۔

 پروگرام کے منتظم حافظ تاج عالم حقی نے اس مہم کو گھر گھر پہونچانے کا عہد کیا. انہوں نے اترپردیش کے علماء و ائمہ،سماجی کارکنان اور دانشوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ "سادہ و مسنون نکاح مہم" کو اتر پردیش میں کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں. دیگر علماء نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔

 پروگرام میں معروف شاعر فہیم پہانوی،حکیم آفتاب صاحب،مفتی اخلاق حسین قاسمی،مفتی وقار الدین قاسمی سمیت ہردوئی و اطراف کے علماء و دانشوران،مہم سے جڑے کارکنان اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اخیر میں صدر مجلس کی دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا