متھرا: بابری مسجد انہدام کی برسی پر مَتھرا کی شری کرشن جنم بھومی اور شاہی عیدگاہ مسجد کے تنازعے پر ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ شاہی عیدگاہ کمیٹی کے صدر زید حسن نے اس تنازعے پر بڑا بیان دیا ہے۔ زید حسن صاحب نے شری کرشن جنم استھان اور شاہی عیدگاہ کے مسئلے کو بیٹھ کر حل کرنے کی وکالت کی ہے۔
شاہی عیدگاہ کمیٹی کے صدر زید حسن نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ دونوں فریق بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالیں۔ زید حسن صاحب نے کہا کہ مَتھرا ہماری رس خان کی نگری ہے، رادھا کرشن کی نگری ہے اور محبت کی نگری ہے۔ اس معاملے میں بھی ہماری نگری کی طرف سے پوری دنیا کو محبت کا پیغام جانا چاہیے۔
انہوں نے آگے کہا: "مجھے یہاں کے بھائیوں نے شاہی عیدگاہ مسجد کا صدر مقرر کیا ہے۔ میری ذمہ داری بنتی ہے کہ میں دیکھوں کہ ہماری نگری میں امن قائم رہے اور ہمیشہ قائم رہے۔ کوئی ایسی بات نہ ہو جس سے ہمارے بھائیوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوں یا ایک دوسرے کو برا بھلا کہا جائے۔ میں چاہوں گا کہ دونوں برادریوں کے لوگ بیٹھیں اور پیار و محبت کے ساتھ اس کا کوئی پُرامن حل نکالیں۔
انہوں نے مزید کہا: مجھے خطرہ ہے، ڈر ہے۔ ایک خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے یا کر دیا گیا ہے۔ اتنی زیادہ پولیس تعینات ہے کہ دیکھ کر آنے جانے والوں کو بھی ڈر لگ سکتا ہے۔ مجھے بھی ڈر محسوس ہوتا ہے کہ کہیں ایسا کوئی کام نہ ہو جائے جو ہماری نگری کے لیے افسوس ناک ثابت ہو۔
شاہی عیدگاہ مسجد کمیٹی کے صدر نے کہا: میں چاہوں گا کہ ادھر سے کچھ لوگ اور اُدھر سے کچھ لوگ بیٹھیں اور پیار و محبت کے ساتھ دنیا کو یہ پیغام دیں کہ یہ رادھا کرشن کی نگری ہے، محبت کی نگری ہے۔ محبت کے جو ڈھائی حرف ہم نے پڑھے ہیں، پڑھائے ہیں اور پڑھتے آ رہے ہیں، ہماری نگری ایک بار پھر پوری دنیا کو یہ پیغام دے کہ ہمارا ملک ایسا ہے جہاں مختلف ذاتوں، مختلف مذاہب، مختلف برادریوں اور مختلف زبانوں کے لوگ رہتے ہیں اور سب اپنے اپنے طریقے سے عبادت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ: ادھر سے اذان کی آواز بلند ہوتی ہے، اُدھر سے بھجن، کیرتن اور شنکر کی پکار سنائی دیتی ہے۔ یہ سب آوازیں ایک دوسرے سے مل کر پرم پتا پرمیشور اور اللہ تعالیٰ تک پہنچتی ہیں۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ یہ آوازیں مختلف سمتوں میں جائیں، بلکہ یہ سب آوازیں ایک دوسرے سے ملتی ہوئی اللہ تعالیٰ اور پرمیشور تک پہنچتی ہیں۔
زید حسن نے کہا: ان سب آوازوں اور پوجا کا ایک ہی مقصد ہے، اور اسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ وہ مقصد یہ ہے کہ میری اس مقدس نگری رادھا کرشن کی، رسخان کی، محبت کی نگری میں سب لوگ محبت کے ساتھ رہیں، عبادت کرتے رہیں، اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ اور تہواروں میں شریک ہوتے رہیں۔