نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا نے کہا کہ یہ ملک کے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ قیادت نریندر مودی کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیے بھی یہ خوش قسمتی ہے کہ اس کے پاس ایسا رہنما ہے جس کی مقبولیت ملک اور دنیا میں بہت زیادہ ہے۔ جے پی نڈا نے کہا کہ وزیراعظم مودی کے کام کرنے کے طریقے نے پوری دنیا میں ہندوستان کی شبیہ کو قائم کیا۔ سفارت کاری میں بھی انہوں نے دنیا کے سامنے ہندوستان کے مفادات کو رکھا اور دنیا کے مفاد میں کیا ہے اور دنیا کو کیا چاہیے، اس پر اپنی وسیع سوچ پیش کی۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی پلیٹ فارم پر ہندوستان کو ایک اہم مقام حاصل ہوا۔
یہ میری خش قسمتی ہے کہ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا
جے پی نڈا نے وزیراعظم مودی سے اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی خوش قسمتی مانتا ہوں کہ مجھے ان کے ساتھ طویل عرصے تک کام کرنے کا موقع ملا۔ پہلی بار جب وہ دہلی آئے تھے تو میں یوا مورچہ کا قومی صدر تھا اور وہ مہا منتری بن کر دہلی آئے تھے۔ ووٹ کلب میں ایک ریلی تھی۔ اس دوران سندر سنگھ بھنڈاری نے ایک میٹنگ بلائی تھی اور میں نے پہلی بار انہیں وہیں دیکھا۔ اس وقت میں نے ان میں جو جوش، توانائی اور جذبہ دیکھا، وہ ایک شاندار تجربہ تھا۔
ہر میٹنگ میں پوری تیاری کے ساتھ آتے تھے نریندر مودی
جے پی نڈا نے کہا کہ نریندر مودی کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ وہ ہر میٹنگ میں مکمل تیاری کے ساتھ آتے تھے۔ وہ ہر بات نوٹ کرکے لاتے اور پارٹی کی میٹنگوں میں رائے دیتے تھے لیکن اس کے ساتھ ہی یہ بھی بتاتے تھے کہ کس راستے پر جانا ہے، کس طرح آگے بڑھنا ہے، اس پر گہری منصوبہ بندی کرتے تھے۔
جے پی نڈا نے 1990 اور 1991 میں بی جے پی کی ’’ایکَتا یاترا‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ منصوبہ بندی میں وہ ماہر تھے اس لیے انہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی۔ انہوں نے ایکَتا یاترا کا جو راستہ بنایا، پھر اس کی تیاری، برانڈنگ اور اس کا مقصد کیا ہے، ان سب پر گہرے غور و خوض کے بعد مکمل تیاری کے ساتھ یہ یاترا نکالی گئی تھی۔ ان کی رہنمائی میں تحریک محض احتجاج کے لیے نہیں ہوتی تھی بلکہ لوگوں کو بیدار کرنے کے لیے ہوتی تھی۔ وہ ہر چیز میں کمال چاہتے تھے۔