اسرو 40 منزلہ راکٹ کی تیاری میں مصروف ۔ نارائنن

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2025
اسرو 40 منزلہ  راکٹ  کی تیاری  میں مصروف ۔ نارائنن
اسرو 40 منزلہ راکٹ کی تیاری میں مصروف ۔ نارائنن

 



حیدرآباد، 19 اگست (پی ٹی آئی) ، اسرو(ISRO) کے چیئرمین وی نراینن نے منگل کو کہا کہ بھارتی خلائی ادارہ ایک ایسے راکٹ پر کام کر رہا ہے جو 40 منزلہ عمارت جتنا بلند ہوگا اور 75,000 کلوگرام وزنی پے لوڈ کو زمین کے نچلے مدار(Low Earth Orbit) میں چھوڑنے کی صلاحیت رکھے گا۔

عثمانیہ یونیورسٹی کے کانووکیشن میں خطاب کرتے ہوئے نراینن نے کہا کہ اس سال اسرو نے کئی بڑے منصوبے طے کیے ہیں جن میں نیوِگیشن ود انڈیا کنسٹیلیشن(NAVIC) سیٹلائٹ، این-1 راکٹ، اور امریکا کے 6,500 کلوگرام وزنی کمیونیکیشن سیٹلائٹ کو بھارتی راکٹ کے ذریعے مدار میں پہنچانا شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2035 تک ایک 52 ٹن وزنی اسپیس اسٹیشن قائم کیا جائے گا جبکہ اسرو زہرہ(Venus) مشن پر بھی کام کر رہا ہے۔

نراینن نے کہا کہ فی الحال ہم اگلی نسل کے لانچر پر کام کر رہے ہیں۔ آپ جانتے ہیں، اس کی صلاحیت کیا ہوگی؟ پہلا لانچر، جو ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جی نے بنایا تھا، 17 ٹن وزنی تھا اور صرف 35 کلوگرام پے لوڈ نچلے مدار میں پہنچا سکتا تھا۔ آج ہم ایسا راکٹ تیار کرنے کا سوچ رہے ہیں جو 75,000 کلوگرام پے لوڈ مدار میں بھیجے۔ یہ راکٹ 40 منزلہ عمارت جتنا بڑا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرو اس سال ٹیکنالوجی ڈیمونسٹریشن سیٹلائٹ(TDS) اور جی سیٹ-7 آر(GSAT-7R) لانچ کرے گا، جو بھارتی بحریہ کے لیے ایک خاص فوجی مواصلاتی سیٹلائٹ ہوگا اور موجودہ "رُکمنی" سیٹلائٹ کی جگہ لے گا۔نراینن نے بتایا کہ فی الحال بھارت کے پاس 55 سیٹلائٹ مدار میں موجود ہیں اور اگلے تین سے چار سال میں یہ تعداد تین گنا بڑھ جائے گی۔

انہوں نے خلا نورد شبھانشو شکلا کے کامیاب سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشن اصل میں 11 جون کو ہونا تھا، لیکن راکٹ میں لیکیج کی نشاندہی ہونے کے بعد اسے ملتوی کر دیا گیا اور پھر 25 جون کو لانچ کیا گیا۔اگر یہ لیکیج نظرانداز ہو جاتا تو مشن تباہ کن ثابت ہوتا۔ لیکن بھارتی سائنسدانوں کی کوششوں سے راکٹ درست کیا گیا اور شبھانشو شکلا سمیت تین بین الاقوامی خلا نوردوں کا مشن کامیاب رہا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اب ترقی یافتہ خلائی ممالک کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ بھارت نے اب تک 4,000 سے زیادہ راکٹ لانچ کیے ہیں اور 1975 میں آریہ بھٹ سیٹلائٹ سے لے کر آج تک 133 مختلف اقسام کے سیٹلائٹ مدار میں بھیجے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے پاس چاند پر بہترین کیمرہ ہے جس کی ریزولوشن 32 سینٹی میٹر ہے، اور بھارت واحد ملک ہے جس نے مریخ مشن پہلی ہی کوشش میں کامیاب بنایا جبکہ ترقی یافتہ ممالک بھی ایسا نہیں کر سکے۔

اسرو پہلی تنظیم ہے جس نے ایک ہی راکٹ کے ذریعے 104 سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ کیے اور تاریخ رقم کی۔ آج ہم نے سورج کا مطالعہ کرنے کے لیے آدتیہL1 سیٹلائٹ بنایا ہے، جس نے پہلے ہی 20 ٹیرا بٹ ڈیٹا بھیجا ہے۔ بھارت دنیا کے صرف چار ممالک میں شامل ہے جنہوں نے سورج کا مطالعہ کرنے والا سیٹلائٹ بنایا ہے،اس موقع پر تلنگانہ کے گورنر جِشنو دیو ورما نے نراینن کو ڈاکٹر آف سائنس کی اعزازی ڈگری عطا کی۔بعد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نراینن نے کہا کہ شبھانشو شکلا خلا میں 20 دن گزارنے کے بعد کامیابی سے واپس آ گئے ہیں، اور ان کا تجربہ بھارت کے "گگن یان" پروگرام کے لیے بہت قیمتی ہوگا۔وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے 40 سے 50 خلا نوردوں کا پول تیار کرنے کے مشورے پر نراینن نے کہا کہ مستقبل میں ایسا ضرور ہوگا۔ جو کچھ وزیراعظم نے کہا ہے وہ یقینی طور پر پورا ہوگا۔