اسرو 40 منزلہ عمارت جتنا اونچا راکٹ بنا رہا ہے: وی نارائنن

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2025
اسرو 40 منزلہ عمارت جتنا اونچا راکٹ بنا رہا ہے: وی نارائنن
اسرو 40 منزلہ عمارت جتنا اونچا راکٹ بنا رہا ہے: وی نارائنن

 



حیدرآباد: ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے اسرو کے سربراہ وی. نارائنن نے کہا ہے کہ اسرو ایک ایسا جدید راکٹ تیار کر رہا ہے جس کی بلندی 40 منزلہ عمارت کے برابر ہوگی اور جو 75 ہزار کلوگرام وزنی پے لوڈ زمین کے نچلے مدار (Low Earth Orbit) میں بھیجنے کی صلاحیت رکھے گا۔ وہ یہاں عثمانیہ یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

اپنی تقریر میں نارائنن نے ہندوستان کے خلائی پروگرام کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے جو پہلا لانچر تیار کیا تھا، اس کا وزن 17 ٹن تھا اور وہ صرف 35 کلوگرام کا پے لوڈ لے جا سکتا تھا۔ لیکن آج اسرو کی صلاحیت میں اتنا اضافہ ہو چکا ہے کہ وہ 75 ہزار کلوگرام کا بوجھ خلا میں لے جانے والا راکٹ تیار کر رہا ہے۔

نارائنن نے بتایا کہ اسرو کے سامنے اس سال کئی اہم مشن ہیں، جن میں نیویگیشن سیٹلائٹ نیوِک (NAVIC)، نیا این-1 راکٹ، اور 6500 کلوگرام وزنی ایک امریکی مواصلاتی سیٹلائٹ کو ہندوستانی راکٹ کے ذریعہ مدار میں پہنچانے کا منصوبہ شامل ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرو اس سال ایک ٹیکنالوجی ڈیمانسٹریٹر سیٹلائٹ اور بحریہ ہند کے لیے تیار کیا گیا نیا فوجی سیٹلائٹ جی سیٹ-7 آر (GSAT-7R) لانچ کرے گا، جو موجودہ سیٹلائٹ جی سیٹ-7 (رُکمِنی) کی جگہ لے گا۔ وی. نارائنن کے مطابق اس وقت خلا میں ہندوستان کے 55 سیٹلائٹس فعال ہیں اور آنے والے تین سے چار برسوں میں ان کی تعداد تین گنا ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا خلائی پروگرام تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور عالمی خلائی دوڑ میں اس کا کردار نمایاں ہوتا جا رہا ہے۔ تقریب میں تلنگانہ کے گورنر جیشنو دیو ورما نے وی. نارائنن کو سائنس میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار ہندوستان کے خلائی مشن کی ترقی میں ناقابلِ فراموش ہے۔

یہ خطاب اور اعزاز اس بات کا مظہر ہے کہ ہندوستان نہ صرف زمین پر بلکہ خلا میں بھی اپنی سائنسی قوت کا لوہا منوا رہا ہے، اور آنے والے دنوں میں اسرو عالمی سطح پر مزید بلندیوں کو چھونے کے لیے تیار ہے۔