اسرائیل - ایران جنگ: اویسی کی مودی حکومت سے درخواست

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-06-2025
اسرائیل - ایران جنگ:  اویسی کی مودی حکومت سے درخواست
اسرائیل - ایران جنگ: اویسی کی مودی حکومت سے درخواست

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
 ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری فوجی تصادم کے دوران ہندوستان کے سیکڑوں شہریوں کی سلامتی پر تشویش میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین  کے ممبر پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے ایک اہم بیان دیا ہے۔ اویسی نے بتایا کہ ایران میں تقریباً 1,595 ہندوستانی طلبہ پھنسے ہوئے ہیں، جن میں تہران یونیورسٹی میں زیر تعلیم 140 میڈیکل طلبہ بھی شامل ہیں۔
اویسی کی جانب سے ہندوستانی طلبہ اور شہریوں کے لیے تشویش کا اظہار
اویسی نے یہ بھی بتایا کہ عراق میں 183 ہندوستانی زائرین بھی پریشان کن حالات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نہایت سنگین صورتحال کے پیش نظر انہوں نے وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکریٹری  آنند پرکاش سے رابطہ کیا ہے اور تمام پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کی مکمل تفصیلات ان کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ دفتر سے بھی اپیل
اویسی نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر انخلا کی مہم  شروع کی جائے تاکہ وہاں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ دفتر  سے بھی گزارش کی ہے کہ وہ ریاست سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور زائرین کی واپسی کے لیے فوری اقدام کریں۔
اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اویسی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ایران میں 1,595 ہندوستانی طلبہ پھنسے ہوئے ہیں، جن میں سے 140 میڈیکل طلبہ تہران یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ اس کے علاوہ، 183 ہندوستانی زائرین عراق میں بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ میں نے پی اے آئی کے جوائنٹ سیکریٹری آنند پرکاش سے رابطہ کر کے تمام معلومات شیئر کی ہیں۔ اب فوری انخلا ناگزیر ہے۔ میں وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور تلنگانہ سی ایم او سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنائیں۔
عراق میں کئی ایئر اسپیس بند
قابلِ ذکر ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری فوجی کارروائی کے باعث پورے خطے کی صورتحال نہایت غیر مستحکم ہو چکی ہے۔ کئی علاقوں میں ایئر اسپیس بند کیے جا چکے ہیں، اور مسلسل بمباری و ڈرون حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ ایسی صورت میں وہاں پھنسے ہندوستانی شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش بجا ہے۔
اسی تناظر میں ایران اور اسرائیل میں موجود ہندوستانی سفارتخانوں نے وہاں مقیم شہریوں کو ہوشیار رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اگرچہ ہندوستانی حکومت کی جانب سے فی الحال اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم اویسی کی اپیل نے حکومت پر فوری اقدام کے لیے دباؤ ضرور بڑھا دیا ہے۔