ایران کے ایٹمی تحقیقاتی سنٹر پر حملہ کیا، اسرائیل کا دعویٰ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-06-2025
ایران کے ایٹمی تحقیقاتی سنٹر پر حملہ کیا، اسرائیل کا دعویٰ
ایران کے ایٹمی تحقیقاتی سنٹر پر حملہ کیا، اسرائیل کا دعویٰ

 



تل ابیب: اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے گزشتہ رات ایران کی ایک جوہری تحقیقاتی تنصیب پر حملہ کیا، جس میں نشانہ بنا کر کیے گئے حملوں میں پاسدارانِ انقلاب کے تین اعلیٰ ایرانی کمانڈروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ اپنے دوسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔

ہفتے کی صبح اصفہان کے پہاڑی علاقے میں دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جہاں ایک مقامی افسر نے تصدیق کی کہ اسرائیل نے وہاں جوہری تحقیقاتی تنصیب کو دو بار نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوجی افسر کے مطابق، ان حملوں میں دو سینٹری فیوج بنانے والے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اصفہان میں 24 گھنٹوں کے اندر یہ دوسرا حملہ تھا، جس کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام کو تباہ کرنا ہے۔

اصفہان صوبے کے سکیورٹی امور کے نائب گورنر اکبر صالحی نے تصدیق کی کہ اسرائیلی حملوں سے تنصیب کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ جوابی کارروائی میں ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر ڈرون اور میزائل داغے، لیکن فوری طور پر کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اسرائیل کی میگن ڈیوڈ ایڈوم ریسکیو سروس کے مطابق، شمالی اسرائیل میں ایک دو منزلہ عمارت پر ایرانی ڈرون گرا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسی دوران، دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش میں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں کئی گھنٹے جاری رہنے والی سفارتی بات چیت ناکام رہی۔

یورپی حکام نے مستقبل میں مذاکرات کی امید ظاہر کی ہے، جب کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ وہ آئندہ بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن انہوں نے زور دیا کہ اسرائیلی حملے جاری رہنے کی صورت میں ایران کو امریکہ کے ساتھ کسی بات چیت میں دلچسپی نہیں ہے۔

انہوں نے صحافیوں سے کہا: ’’اگر حملے بند ہو جائیں اور حملہ آور کو اس کے جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے، تو ایران سفارتی اقدامات پر غور کے لیے تیار ہے۔‘‘ تاہم، مذاکرات کے لیے کوئی نئی تاریخ طے نہیں کی گئی۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اسرائیل-ایران جنگ میں امریکی فوج کی شمولیت پر غور کر رہے ہیں، جس پر عراقچی نے ہفتے کے دن کہا کہ ’’یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہوگی۔‘‘

استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر عراقچی نے کہا: ’’میرا خیال ہے کہ یہ سب کے لیے انتہائی خطرناک ہوگا‘‘۔ واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے جوہری اور عسکری مقامات، اعلیٰ جنرلوں اور جوہری سائنس دانوں کو نشانہ بنا کر حملے کیے تھے۔ ان حملوں کے جواب میں ایران نے فضائی حملے کیے، جس کے بعد دونوں ملک کھلی جنگ میں داخل ہو گئے۔

واشنگٹن میں قائم ایرانی انسانی حقوق گروپ کے مطابق، ایران میں اب تک کم از کم 657 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 263 عام شہری بھی شامل ہیں، جب کہ 2000 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے اندازے کے مطابق، ایران نے اب تک اسرائیل پر 450 میزائل اور 1000 ڈرون داغے ہیں۔ اسرائیلی دفاعی نظام نے ان میں سے بیشتر کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، تاہم ان حملوں میں اسرائیل میں کم از کم 24 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کا ایران میں آپریشن اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک وہ چاہیں گے، اور اس کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائلوں کو ختم کرنا ہے۔ ایک اعلیٰ اسرائیلی جنرل نے بھی اسی قسم کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج ایک طویل جنگ کے لیے تیار ہے۔ تاہم، نیتن یاہو کے لیے یہ مقصد امریکی حمایت کے بغیر حاصل کرنا ممکن نہیں۔

اطلاعات کے مطابق، ایران کی فردو یورینیم افزودگی تنصیب امریکی ’’بم پروف‘‘ بموں سے اب تک محفوظ ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ دو ہفتوں میں یہ فیصلہ کریں گے کہ آیا امریکہ کو ایران کے خلاف اسرائیلی کارروائی میں شامل ہونا چاہیے یا نہیں۔ اسرائیل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے قدس فورس کے فلسطین کور کے کمانڈر سعید ایزادی کو قم شہر میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں ہلاک کر دیا ہے۔

قدس فورس، پاسداران انقلاب کی وہ مخصوص شاخ ہے جو ایران کے بیرونِ ملک خفیہ و عسکری آپریشنز انجام دیتی ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق، قدس فورس کی اسلحہ منتقلی یونٹ کے کمانڈر بہنام شہریاری بھی ہلاک ہو چکے ہیں، جو حزب اللہ اور حماس کو اسلحہ فراہم کرنے کے ذمہ دار تھے۔ ان کی ہلاکت مغربی ایران میں ایک سفر کے دوران کار پر حملے میں ہوئی۔ ایک اسرائیلی اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ ایران کے ڈرون یونٹ کے کمانڈر کو بھی جمعے کی رات قتل کر دیا گیا ہے۔