اسرائیل کا غزہ پر حملہ، 6 ہلاک

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-10-2025
اسرائیل کا غزہ پر حملہ، 6 ہلاک
اسرائیل کا غزہ پر حملہ، 6 ہلاک

 



غزہ / آواز دی وائس
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے غزہ میں امن معاہدے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی اسرائیل نے ایک بار پھر حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس اسرائیلی حملے میں کم از کم چھ افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے غزہ امن معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ حماس امن کے لیے تیار ہے اور وہ امریکی منصوبے کی کچھ دیگر شرائط جیسے کہ یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے پر راضی ہوگئی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے ہفتے کی صبح ایک بیان جاری کر کے کہا تھا کہ اسرائیل، حماس کے ردعمل کے بعد، اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ٹرمپ کے غزہ منصوبے کے پہلے مرحلے کے ’’فوری نفاذ‘‘ کی تیاری کر رہا ہے۔
اس کے فوراً بعد اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی کہ ملک کی سیاسی قیادت نے فوج کو غزہ میں جارحانہ کارروائیوں کو کم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسرائیلی فوجی سربراہ نے بھی ایک بیان میں فوج کو ٹرمپ کے منصوبے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کے لیے تیاری بڑھانے کی ہدایت دی، لیکن یہ واضح نہیں کیا کہ آیا غزہ میں فوجی کارروائیوں میں کمی کی جائے گی یا نہیں۔
غزہ پر قابض حماس نے ٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے پر ردعمل دیا ہے، جب کہ امریکی صدر نے گروپ کو اتوار تک اسے قبول کرنے یا سنگین نتائج بھگتنے کی وارننگ دی تھی۔
ٹرمپ نے خود کو غزہ میں امن قائم کرنے کا واحد اہل شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دو سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے کی کوششوں میں اپنی اہم سیاسی توانائی صرف کی ہے۔ اس جنگ میں ہزاروں لوگ مارے جا چکے ہیں اور امریکہ کا اتحادی اسرائیل عالمی سطح پر مسلسل تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ ٹرمپ نے جمعہ کو کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ حماس نے یہ ظاہر کر دیا ہے کہ وہ ’’پائیدار امن کے لیے تیار‘‘ ہے اور اس کی ذمہ داری نیتن یاہو کی حکومت پر ڈال دی۔
ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر لکھا کہ اسرائیل کو غزہ پر بمباری فوراً روکنی چاہیے تاکہ ہم یرغمالیوں کو جلد اور محفوظ طریقے سے باہر نکال سکیں! ہم پہلے ہی ان تفصیلات پر بات کر رہے ہیں جن پر عمل کرنا ضروری ہے۔ یہ صرف غزہ کے بارے میں نہیں ہے بلکہ مشرق وسطیٰ میں برسوں سے مطلوبہ امن قائم کرنے کے بارے میں ہے۔
نیتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ اسرائیل، صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے جنگ کو اسرائیل کے طے شدہ اصولوں کے مطابق ختم کرنے کے لیے کام جاری رکھے گا، جو صدر ٹرمپ کے وژن سے ہم آہنگ ہیں۔ اسرائیل کے تازہ بیانات سے قبل غزہ میں حماس کے یرغمال بنائے گئے افراد کے اہل خانہ نے نیتن یاہو سے اپیل کی تھی کہ وہ ’’تمام یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری مذاکرات کا حکم دیں۔
اندرون ملک وزیر اعظم نیتن یاہو پر جنگ ختم کرنے کے لیے بڑھتے ہوئے دباؤ ہیں — ایک طرف یرغمالیوں کے اہل خانہ اور جنگ سے تھکی ہوئی عوام کا دباؤ ہے اور دوسری جانب ان کے دائیں بازو کے اتحاد کے شدت پسند اراکین کی مانگ ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی مہم میں کسی بھی طرح کی نرمی نہ کی جائے۔
اسرائیل نے غزہ پر اپنا حملہ 7 اکتوبر 2023 کو شروع کیا تھا، جب حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 1,200 لوگ مارے گئے اور 251 افراد کو یرغمال بنا کر واپس غزہ لے جایا گیا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اب بھی 48 یرغمال باقی ہیں جن میں سے 20 زندہ ہیں۔
غزہ کے صحت حکام کے مطابق اسرائیلی فوجی کارروائی میں غزہ میں 66 ہزار سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تر شہری ہیں۔ ان حملوں سے غزہ کا بیشتر علاقہ تباہ ہو گیا ہے جبکہ امداد کی پابندیوں کے باعث غزہ کے کئی حصوں میں قحط کی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے اور پورے علاقے میں حالات نہایت سنگین ہیں۔