نئی دہلی/ آواز دی وائس
گلوکار زوبین گرگ کا انتقال 19 ستمبر کو سنگاپور میں ہو گیا تھا۔ ان کی موت کے معاملے میں پولیس اب تک 4 افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ زوبین کا انتقال ایک پروگرام سے پہلے ہوا تھا۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ ان کی موت اسکوبا ڈائیونگ کے دوران ہوئی۔ زوبین کی موت کے بعد کئی نامور شخصیات نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ساتھ ہی سنگاپور نے بھی انہیں ایک منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
سنگاپور میں زوبین گرگ کو یاد کرتے ہوئے اس جزیرے کا نام تبدیل کر کے "زوبین گرگ آئی لینڈ" رکھ دیا گیا ہے جہاں ان کا انتقال ہوا تھا۔ گوگل میپ پر بھی اس جزیرے کا نام "زوبین گرگ آئی لینڈ" کے طور پر دکھائی دے رہا ہے۔ سنگاپور کے اس فیصلے کو دیکھ کر کئی صارفین نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ متعدد لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے۔
سی آئی ڈی نے قتل کی دفعات شامل کیں
زوبین کی موت کے بعد کئی سوالات کھڑے ہوئے۔ ان کی اہلیہ نے ان کے انتقال پر شبہ ظاہر کیا تھا ۔ اس کے بعد پولیس نے ایونٹ مینیجر اور منیجر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ساتھ ہی اس معاملے کی مکمل جانچ کے لیے پولیس ٹیم کے سنگاپور جانے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔
۔19 ستمبر کو ہوئی تھی موت
زوبین گرگ 20 ستمبر کو سنگاپور میں پرفارمنس دینے والے تھے لیکن اس سے ایک دن قبل 19 ستمبر کو ان کی موت ہو گئی۔ ابتدا میں بتایا گیا کہ ان کی موت اسکوبا ڈائیونگ کی وجہ سے ہوئی لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ ڈوبنا بتائی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے انتقال پر شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔ زوبین گرگ کی موت کے بعد آسام بھر میں 60 سے زائد ایف آئی آر درج کی گئیں، جس کے بعد اس معاملے میں تیزی آئی۔ دوسری جانب آسام حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک عدالتی کمیشن قائم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔