اسلام، ہندوستان میں تھا، ہے اور رہے گا -موہن بھاگوت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 29-08-2025
اسلام، ہندوستان میں تھا، ہے اور رہے گا -موہن بھاگوت
اسلام، ہندوستان میں تھا، ہے اور رہے گا -موہن بھاگوت

 



آواز دی  وائس /نئی دہلی

اسلام پہلے دن سے اب تک ہندوستان میں ہے اور ہمیشہ رہے گا میں یہ بات پہلے بھی کہہ چکا ہوں اور پھر دہرا رہا ہوں, یہ سوچ کہ ہندوستان میں اسلام نہیں رہے گا ہندو سوچ نہیں ہے

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی صد سالہ تقریبات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے  ان تاثرات کا اظہار کیا، بھاگوت نے کہا کہ مذہب انفرادی انتخاب کا معاملہ ہے اور اس میں کسی قسم کی رغبت یا طاقت شامل نہیں ہونی چاہئے،انہوں نے کہا کہ ہندو اور مسلمان دونوں بے اعتمادی اور غلط فہمی کا شکار ہیں، ہم سب کو صرف اس بات پر اتفاق کرنا ہوگا کہ ہم سب ہندوستانی ہیں،  ہماری ایک اور پہلی پہچان ہندوستانی کی ہے، ہمارے عبادت کرنے کا طریقہ الگ الگ ہو سکتا ہے ہم الگ الگ زبانیں بول سکتے ہیں ہماری ذات پات الگ ہو سکتی ہے مگر ہم سب بھارتی ہیں، یہ ہندوستانی ہونے کی پہچان ہماری تہذیب اور آباؤ اجداد کی عکاسی کرتی ہے

 موہن بھاگوت نے مزید کہا کہ تقسیم ملک کے بعد ہندوؤں میں یہ خوف پیدا کر دیا گیا ہے کہ ایک ساتھ رہو گے تو کیا ہوگا, اتنے قتل عام ہوئے، ملک بٹا ,اس لیے اب ہوشیار رہو, دوسری جانب مسلمانوں میں خوف پیدا کر دیا گیا کہ ہندوؤں کے ساتھ رہو گے تو اسلام مٹ جائے گا, تمہاری شناخت مٹ جائے گی, اس لیے الگ تھلگ رہو, مگر ایسا نہیں ہے- مولانا ازاد نے ایک تقریر میں کہا تھا کہ علاقہ بدلنے سے قوم نہیں بدل جاتی, اس کا مطلب یہی ہے کہ ہماری ایک پہچان ہے، ہم بھارتی ہیں ، ہندو ہیں یا ہندوئی ہیں, یہ ایک ایسی شناخت ہے جو ہماری تہذیب ہمارے اباؤ اجداد اور ہماری روایات کو بیان کرتی ہے

ہندو اور مسلمانوں میں سب سے پہلے ایک احتمات پیدا ہونا ضروری ہے کہ ہم سب ایک ہیں ہماری عبادت کا طریقہ الگ ہے, ہماری زبان الگ ہے , ہماری ذات پات الگ ہے مگر ہماری پہچان ہندوستانی ہونے کی ایک ہی ہے اور یہی رہے گی- ہم سب کو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ سب سے اوپر ہمارا راشٹر ہے ہمارا سماج ہے ہماری سنسکرتی ہے

بات نام کرن کی

بھاگوت نے یہ بھی زور دے کر کہا کہ سڑکوں اور جگہوں کا نام ’’حملہ آوروں‘‘ کے نام پر نہیں رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا، "میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ ان کا نام مسلمانوں کے نام پر نہ رکھا جائے، لیکن ان کا نام حملہ آوروں کے نام پر نہ رکھا جائے

بات ریٹائرمنٹ کی

پروگرام کے آخری دن آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کئی اہم سوالات کے جوابات دیئے۔ اس دوران ان سے 75 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کے بارے میں بھی پوچھا گیا۔ اس پر بھاگوت نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کو یہ نہیں کہا کہ 75 سال کی عمر میں ریٹائر ہو جانا چاہیے۔ موہن بھاگوت سے پوچھا گیا کہ کیا ہندوستانی لیڈروں کو 75 سال کی عمر میں ریٹائر ہو کر عہدہ چھوڑ دینا چاہیے؟ بھاگوت نے کچھ عرصہ پہلے کہا تھا کہ جب آپ 75 سال کے ہو جائیں اور کوئی آپ پر شال اوڑھے تو آپ کو ریٹائر ہو جانا چاہیے۔ کیا یہ روایت 5 سال کے لیے منتخب ہونے والے شخص پر بھی لاگو ہوتی ہے؟

 اس کے جواب میں آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ موروپنت جی بہت ہی مضحکہ خیز انسان تھے۔ لوگ اس کی باتیں سن کر کرسیوں سے اچھل پڑتے تھے۔ جب ان کی عمر تقریباً 75 سال تھی تو وہ ہمارے ایک پروگرام میں آئے۔ پھر اسے شال اوڑھائی گئی۔ اس پر انہوں نے کہا کہ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آپ شال اوڑھ کر میری عزت کر رہے ہیں، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ شال اوڑھنے کا مطلب ہے کہ آپ اب بوڑھے ہو گئے ہیں اور آپ خاموشی سے کرسی پر بیٹھ کر دیکھیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ بھاگوت نے کہا کہ انہوں نے یہ بات مزاحیہ لہجے میں کہی۔

بھاگوت نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ مجھے یا کسی اور کو (75 سال کی عمر میں) ریٹائر ہونا چاہئے۔ سنگھ میں ایک رضاکار کے طور پر ہمیں کچھ ذمہ داری دی جاتی ہے، چاہے ہم چاہیں یا نہ چاہیں۔ ایسے میں اگر 80 سال کی عمر میں سنگھ مجھ سے کہے کہ جا کر برانچ چلا لو تو مجھے جانا پڑے گا۔ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ اب میری عمر 75 سال ہے، میں ریٹائرمنٹ کا لطف اٹھاؤں گا۔ سنگھ کے لیے کام کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے

گرو کل کی تعلیم پر زور

موہن بھاگوت نے گُروکل تعلیم کو مرکزی تعلیمی دھارے کے ساتھ جوڑنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ گُروکل کا مطلب صرف آشرم میں رہنا نہیں بلکہ ملک کی روایات کو سمجھنا ہے۔ بھاگوت نے کہا کہ وہ سنسکرت کو لازمی کرنے کے حامی نہیں ہیں، لیکن یہ ضروری ہے کہ ملک کی روایت اور تاریخ کو سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا: "ویدی دور کے 64 پہلو جو آج کے زمانے میں بھی متعلقہ ہیں، اُنہیں پڑھایا جانا چاہیے۔ گُروکل تعلیم کو مرکزی دھارے کے ساتھ جوڑنا چاہیے، اس کی جگہ لینا نہیں۔آر ایس ایس کے سربراہ نے کہا کہ مرکزی تعلیم کو گُروکل تعلیم سے جوڑا جانا چاہیے، جس کا ماڈل فن لینڈ کے تعلیمی ماڈل سے ملتا جلتا ہے۔ فن لینڈ، جو تعلیم کے میدان میں صفِ اول کا ملک ہے، وہاں اساتذہ کی تربیت کے لیے الگ یونیورسٹی ہے۔ چونکہ مقامی آبادی کم ہے اس لیے وہ بیرونِ ملک کے طلبہ کو قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا: "آٹھویں جماعت تک تعلیم طلبہ کی مادری زبان میں دی جاتی ہے… اس لیے گُروکل تعلیم کا مطلب یہ نہیں کہ آشرم میں جا کر رہنا ہے، بلکہ اسے مرکزی دھارے سے جوڑنا ضروری ہے۔"

قومی تعلیمی پالیسی کی تعریف

 موہن بھاگوت نے نئی قومی تعلیمی پالیسی کو درست سمت میں اٹھایا گیا درست قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کا تعلیمی نظام بہت پہلے ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا: ’’ایک نیا تعلیمی نظام اس لیے نافذ کیا گیا کیونکہ ہم ہمیشہ غیر ملکی حملہ آوروں کے غلام بنے رہے جو اس وقت کے حکمران تھے۔ وہ اس ملک کو ترقی دینا نہیں بلکہ اس پر حکومت کرنا چاہتے تھے۔ اس لیے انہوں نے تمام نظام اس سوچ کے ساتھ بنائے کہ اس ملک پر کس طرح حکومت کی جا سکے… لیکن اب ہم آزاد ہیں۔ اس لیے ہمیں صرف حکومت نہیں چلانی بلکہ عوام کو بھی سنبھالنا ہے۔‘

آر ایس ایس کے سربراہ نے کہا کہ ذہنیت کی تعمیر کی جانی چاہیے، بچوں کو ماضی کے بارے میں تمام ضروری معلومات دی جانی چاہئیں تاکہ ان کے دل میں یہ فخر پیدا ہو کہ ’’ہم بھی کچھ ہیں، ہم بھی کر سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا: ’’ہم نے یہ دکھا دیا ہے۔ یہ سب بدلنا ضروری تھا۔ پچھلے چند برسوں میں اس میں کچھ تبدیلی آئی ہے اور اس کا شعور بھی بڑھا ہے۔‘‘