اسلام اور مسلمانوں کو تعصب کے بغیر سمجھنے کی ضرورت: شیخ ابوبکر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2026
اسلام اور مسلمانوں کو تعصب کے بغیر سمجھنے کی ضرورت: شیخ ابوبکر
اسلام اور مسلمانوں کو تعصب کے بغیر سمجھنے کی ضرورت: شیخ ابوبکر

 



کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)

گرانڈ مفتی آف انڈیا اور جامعہ مرکز کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ ابوبکر احمد نے کہا ہے کہ معاشرے کو اسلام اور اسلامی معاشرے کے افکار۔ طرز عمل اور موقف کو کسی تعصب کے بغیر سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انسانیت کی حقیقی ترقی اور فلاح کے لیے اسلامی معاشرے کی خدمات کا غیر جانب دارانہ مطالعہ بھی ضروری ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کالی کٹ میں منعقدہ بین الاقوامی میلاد کانفرنس کے عظیم الشان اجتماع سے ’’مدح رسول‘‘ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شیخ ابوبکر احمد نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ نے انسانیت اور عدل و انصاف کی بنیاد پر ایک جامع تہذیبی اور سماجی انقلاب برپا فرمایا۔ اسلام نے معاشرتی سطح پر اخوت۔ محبت اور مساوات کو فروغ دیا اور دنیا کو رحمت و شفقت پر مبنی ایک معاشرتی نظام عطا کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تنظیمیں اور مسلمان آج بھی معاشرے میں ان اقدار کے تحفظ اور عملی اظہار کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ خواتین۔ بچوں اور بزرگوں کی خصوصی نگہداشت ضروری ہے۔ ان کے تحفظ۔ سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا دین کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے مزید مؤثر اقدامات اور فلاحی منصوبے وضع کیے جانے چاہئیں۔

گرانڈ مفتی نے کہا کہ معاشرہ اس وقت متعدد بحرانوں سے گزر رہا ہے۔ جنگوں۔ تنازعات۔ سماجی بے چینی اور اخلاقی اقدار کے زوال نے معاشرے پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ ایسے حالات میں خود انحصاری اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے والے اقدامات پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے سادگی۔ میانہ روی اور کفایت شعاری کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متبادل معاشی نظام اور معاشرے میں باہمی تعاون پر مبنی معاونتی نظام کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔

ڈاکٹر محمد عبدالحکیم ازہری نے کہا کہ تعلیمات نبوی ﷺ میں ہر مشکل کا حل موجود ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ سیرت طیبہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نفرت۔ تشدد اور سماجی انتشار کا خاتمہ تعلیمات نبوی ﷺ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔واضح رہے کہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے زیر اہتمام سمستھا کیرالہ کی صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی 1501ویں جشن ولادت کے موقع پر ’’میرے نبی میرے دل میں زندہ ہیں‘‘ کے عنوان سے کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے مندوبین کے علاوہ بیرون ملک کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ملک اور بیرون ملک کے نعت خواں حضرات نے عربی کے روایتی انداز میں نشید پیش کیے۔ نعتیہ کلام سے اجتماع میں کیف و سرور کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ کانفرنس سے سید علی بافقیہ۔ ای سلیمان۔ سید ابراہیم خلیل البخاری۔ سی محمد فیضی اور مولانا عبید اللہ ثقافی نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس کے اختتام پر عالمی قیام امن اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

قبل ازیں شہر کے مختلف علاقوں سے دف کی ریلیاں اور جلوس محمدی ﷺ شاندار انداز میں نکالے گئے۔ ان جلوسوں میں عوام و خواص کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلوسوں کی قیادت سادات کرام اور علما و مشائخ نے روایتی انداز میں کی۔