کولکاتا میں اسکون کی عظیم الشان مرکزی کچن کا افتتاح

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-08-2026
کولکاتا میں اسکون کی عظیم الشان مرکزی کچن کا افتتاح
کولکاتا میں اسکون کی عظیم الشان مرکزی کچن کا افتتاح

 



نئی دہلی: مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے ہفتہ کے روز کولکاتا میں اسکون (ISKCON) کی ایک جدید اور وسیع مرکزی کچن کا افتتاح کیا، جہاں شہر کے 500 سرکاری اور امداد یافتہ اسکولوں کے 44 ہزار طلبہ کے لیے دوپہر کا کھانا (مڈ ڈے میل) تیار کیا جائے گا۔ کولکاتا کے جنوب مغربی علاقے ترتالا میں واقع اس کچن کے افتتاح سے قبل وزیر اعلیٰ نے ایک یگیہ میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا، "ابتدائی مرحلے میں اسکون کولکاتا کے 500 اسکولوں کے 44 ہزار طلبہ کو مڈ ڈے میل فراہم کرے گا۔ آئندہ تین ماہ کے اندر اس سہولت کو بڑھا کر ڈھائی لاکھ طلبہ تک پہنچا دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی فی طالب علم کھانے کے لیے مختص رقم بڑھا کر 10 روپے کر دی گئی ہے۔" وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اسکون کی جانب سے تیار کردہ کھانے کے علاوہ ریاستی حکومت سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے طلبہ کو ہفتے میں دو مرتبہ ابلے ہوئے انڈے بھی فراہم کرے گی۔

انہوں نے مڈ ڈے میل پروگرام میں تعاون پر اسکون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متوازن غذا بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ادھیکاری نے واضح کیا کہ اب تک کھانا تیار کرنے والے کسی بھی باورچی کو ملازمت سے نہیں ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت پہلے ہی باورچیوں کا ماہانہ اعزازیہ 2 ہزار روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے کر چکی ہے۔

افتتاح کے بعد وزیر اعلیٰ نے کچن کا معائنہ کیا اور خود بھی کھانا تیار کرنے کے عمل میں حصہ لیا۔ انہوں نے بجلی سے چلنے والی ان گاڑیوں کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جن کے ذریعے اسکولوں تک کھانا پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر ریاست کے چیف سیکریٹری منوج کمار اگروال، وزیرِ تعلیم دیپک برمن اور پانچ اسکولوں کے تقریباً 40 طلبہ بھی موجود تھے۔