جیسلمیر میں آئی ایس آئی کا جاسوس پکڑا گیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-09-2025
جیسلمیر میں آئی ایس آئی کا جاسوس پکڑا گیا
جیسلمیر میں آئی ایس آئی کا جاسوس پکڑا گیا

 



جیسلمیر / آواز دی وائس
راجستھان میں پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سی آئی ڈی انٹیلی جنس نے جیسلمیر سے حنیف خان نامی شخص کو فوج کی جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔ الزام ہے کہ اسے مبینہ طور پر پیسوں کا لالچ دیا گیا تھا اور وہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو خفیہ معلومات فراہم کر رہا تھا۔
شواہد اکٹھا کرنے کے بعد، سی آئی ڈی انٹیلی جنس نے ریاستی راز داری ایکٹ 1923 کے تحت مقدمہ درج کیا اور جمعرات کو اسے گرفتار کر لیا۔ اس سال جیسلمیر میں جاسوسی سے متعلق یہ چوتھی گرفتاری ہے۔
پولیس کے انسپکٹر جنرل، سی آئی ڈی (سیکیورٹی) وشنوکانت نے بتایا کہ سی آئی ڈی انٹیلی جنس ریاست میں جاسوسی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھی، اسی دوران انہیں حنیف خان (47) کی سرگرمیاں مشکوک لگیں۔ وشنوکانت نے بتایا کہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے مسلسل پاکستانی خفیہ ایجنسی کے رابطے میں تھا۔ حنیف جیسلمیر کے صدر تھانہ علاقے کے تحت آنے والے باسن پیر جونی کا رہائشی ہے اور بہل گاؤں میں رہ رہا تھا۔
آپریشن سیندور کے دوران معلومات دینے کا الزام
افسران کے مطابق، حنیف ہندوستان۔پاکستان سرحد کے قریب رہتا تھا اس لیے موہن گڑھ اور گھڑسانہ جیسے حساس علاقوں تک اس کی آسان رسائی تھی۔ پوچھ گچھ کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ اس کے پاس مبینہ طور پر اہم فوجی تنصیبات اور فوجی دستوں کی سرگرمیوں کی معلومات تھیں۔ اس پر آپریشن سندور کے دوران خفیہ معلومات فراہم کرنے کا بھی الزام ہے۔ افسران نے بتایا کہ حنیف کے موبائل فون کی جانچ اور اس سے پوچھ گچھ کے دوران یہ سامنے آیا کہ وہ پیسوں کے عوض آئی ایس آئی کے ساتھ فوجی معلومات شیئر کر رہا تھا۔