اسلام آباد/ آواز دی وائس
ایران کے صدر مسعود پیزشکیان حالیہ علاقائی کشیدگی کے پس منظر میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہفتہ کے روز پاکستان کا دورہ کریں گے۔ یہ اطلاع مقامی میڈیا کی جانب سے دی گئی ہے۔ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیر کے روز اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران اس مجوزہ دورے پر تبادلہ خیال کیا۔
اسکندر مومنی نے محسن نقوی کو فون کر کے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر داخلہ نے 26 جولائی کو ایران کے صدر مسعود پیزشکیان کے پاکستان کے دورے پر بھی گفتگو کی۔
پیزشکیان سے قبل اُن کے پیش رو، سابق صدر ابراہیم رئیسی، نے اپریل 2024 میں پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا تھا۔ اگرچہ اس مجوزہ دورے کا مکمل ایجنڈا ابھی سامنے نہیں آیا ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں رہنما دو طرفہ اور علاقائی امور پر، خصوصاً حالیہ تنازعات کے تناظر میں سیکیورٹی معاملات پر بات چیت کریں گے۔