ایران نے جوابی کاروائی کا اعلان کردیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-02-2026
ایران نے جوابی کاروائی کا اعلان کردیا
ایران نے جوابی کاروائی کا اعلان کردیا

 



تہران: امریکہ اور اسرائیل کی اچانک فوجی کارروائی کے بعد ایران نے بھی جوابی حملے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ایران کا ردِعمل انتہائی سخت ہوگا اور اس حملے کا اختتام اب عالمی طاقتوں کے اختیار میں نہیں رہا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے کمپاؤنڈ اور صدارتی محل کے قریب کم از کم سات میزائل گرے ہیں، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید دھوئیں کے بادل اٹھے اور افرا تفری پھیل گئی۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تہران کے مضافاتی علاقوں اور یونیورسٹی اسٹریٹ، جمہوری ایریا سمیت متعدد اہم مقامات پر اسرائیلی میزائل گرے ہیں، جن کی وجہ سے شہر کے مختلف حصوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق یہ حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی بند کرے۔ صدر ٹرمپ نے حالیہ مذاکرات میں ایران کے مؤقف سے مطمئن نہ ہونے کا بھی عندیہ دیا تھا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر اچانک حملے کے بعد تہران کئی دھماکوں سے گونج اٹھا، اور فضائی و زمینی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے، جبکہ ایران نے اپنے جوابی اقدامات کا اعلان کر کے عالمی سطح پر ہنگامی صورتحال پیدا کر دی ہے۔