بنگلور/ آواز دی وائس
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی چیمپئن ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) بدھ دوپہر جب یہاں پہنچی تو ایئرپورٹ کے باہر بڑی تعداد میں موجود مداحوں نے ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔
ودھان سودھا (اسمبلی) میں وزیراعلیٰ سدارامیا کے دفتر کی جانب جاتے وقت سڑک کے دونوں طرف کھڑے مداحوں نے چیمپئن ٹیم کی خوب حوصلہ افزائی کی۔
آر سی بی نے منگل کو احمد آباد میں کھیلے گئے آئی پی ایل فائنل میں پنجاب کنگز کو چھ رنز سے شکست دے کر 18 سال میں اپنا پہلا خطاب جیتا تھا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کے بعد آر سی بی کے کھلاڑی ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں مداحوں سے خطاب کریں گے۔
بنگلور ٹریفک پولیس کی جانب سے 'ایکس' (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان کے مطابق ودھان سودھا سے اسٹیڈیم تک کھلی چھت والی بس پریڈ ٹریفک مسائل کی وجہ سے ممکن نہیں ہو سکے گی۔
شہر میں برسات کے موسم نے بھی حکام کو یہ فیصلہ لینے پر مجبور کیا ہوگا۔ اس کے علاوہ، آر سی بی کی جیت کے بعد گزشتہ رات بھی بھیڑ کو قابو میں کرنے میں پولیس کو خاصی دشواری پیش آئی۔