وکیلوں کو تفتیشی ایجنسیاں نوٹس نہیں بھیج سکتیں

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2025
وکیلوں کو تفتیشی ایجنسیاں نوٹس نہیں بھیج سکتیں
وکیلوں کو تفتیشی ایجنسیاں نوٹس نہیں بھیج سکتیں

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے مؤکل (کلائنٹ) کو قانونی خدمات فراہم کرنے والے وکیل کو صرف بہت محدود معاملات میں ہی تفتیشی ایجنسیاں طلبی کا سمن بھیج سکتی ہیں۔ یہ سمن صرف انہی معاملات میں بھیجا جا سکتا ہے جو بھارتی شہادت قانون (Indian Evidence Act) کی دفعہ 132 کے استثنائی حالات میں آتے ہیں۔

یہ فیصلہ چیف جسٹس بھوشن رام کرشن گووئی، جسٹس کے ونود چندرن اور جسٹس این وی انجاریا کی بینچ نے دیا۔ سپریم کورٹ نے یہ معاملہ خود از خود نوٹس (suo motu) میں لیا تھا، کیونکہ مختلف تفتیشی ایجنسیوں کی جانب سے ملزموں کی وکالت کرنے والے وکیلوں کو بلاجواز سمن بھیجے جا رہے تھے۔ بینچ نے کہا کہ سمن صرف انہی معاملات میں بھیجے جا سکتے ہیں جہاں مؤکل نے وکیل سے کسی جرم میں تعاون یا شمولیت کی درخواست کی ہو۔

دوسرے معاملات میں وکیل سے مؤکل کی طرف سے دیے گئے دستاویزات یا معلومات طلب نہیں کی جا سکتیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ وکیل کو سمن صرف ایس پی رینک (Superintendent of Police) کے افسر کی اجازت سے ہی بھیجا جا سکتا ہے، اور وکیل کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایسے سمن کو عدالت میں چیلنج کرے۔

بھارتی شہادت قانون کی دفعہ 132 مؤکل کا ایک خصوصی حق (privilege) ہے، جس کے تحت وکیل کسی بھی خفیہ یا پیشہ ورانہ گفتگو کا انکشاف نہیں کر سکتا۔ عدالت نے کہا کہ وکیل کو بھیجا گیا سمن بی این ایس ایس (BNSS) کی دفعہ 528 کے تحت مؤکل یا وکیل دونوں چیلنج کر سکتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ اگر کسی ملزم کے وکیل کو سمن بھیجا جاتا ہے، تو اس میں واضح طور پر بتایا جانا چاہیے کہ کس بنیاد پر اس معاملے کو دفعہ 132 کا استثنا سمجھا جا رہا ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ وکیل کے پاس موجود دستاویزات کی پیشی دفعہ 132 کے تحت محفوظ نہیں ہوگی، چاہے معاملہ سول ہو یا فوجداری (کریمنل)۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ ان-ہاؤس وکیلوں (in-house lawyers) کو دفعہ 132 کے تحت تحفظ نہیں ملے گا، کیونکہ وہ عدالت میں باقاعدہ وکالت نہیں کرتے۔ البتہ، انہیں دفعہ 134 کے تحت مؤکل کے ساتھ گفتگو کی رازداری (confidentiality) کا حق حاصل ہوگا۔