دہلی میں بین الریاستی کوکین گینگ بے نقاب، دو نائجیریائی خواتین گرفتار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-08-2026
دہلی میں بین الریاستی کوکین گینگ بے نقاب، دو نائجیریائی خواتین گرفتار
دہلی میں بین الریاستی کوکین گینگ بے نقاب، دو نائجیریائی خواتین گرفتار

 



نئی دہلی: دہلی پولیس کی ریلوے یونٹ نے ممبئی اور دہلی-این سی آر کے درمیان سرگرم ایک مبینہ بین الریاستی منشیات اسمگلنگ گینگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو نائجیریائی خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو کلوگرام سے زائد کوکین برآمد کی ہے، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 20 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی 31 جولائی کو حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن پر ریلوے یونٹ کی اسپیشل ٹیم اور مقامی پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران انجام دی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت نائجیریا کی شہری 43 سالہ چیکانسو جیمس اور 41 سالہ ہیپی نیس اوکوئے کے طور پر ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ریلوے) بی بھارت ریڈی نے بتایا کہ مشتبہ اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے اہم ریلوے اسٹیشنوں سمیت حساس مقامات پر پولیس ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔

پلیٹ فارم نمبر ایک پر گشت کے دوران دو خواتین سامان کے ساتھ مشکوک حالت میں نظر آئیں، جنہیں روک کر قانونی کارروائی کے بعد تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ایک ملزمہ کے قبضے سے کوکین کے 11 پیکٹ برآمد ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ریلوے یونٹ کی ایک بڑی کامیابی ہے، جس کے نتیجے میں ممبئی اور دہلی-این سی آر کے درمیان سرگرم ایک مبینہ اسمگلنگ نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے اور بھاری مقدار میں منشیات کو غیر قانونی بازار تک پہنچنے سے روک لیا گیا ہے۔

دورانِ تفتیش چیکانسو جیمس نے انکشاف کیا کہ برآمد شدہ کوکین مغربی دہلی کے وکاس پوری علاقے سے حاصل کی گئی تھی۔ پولیس اب اس گینگ کے مالی لین دین، رابطوں اور دیگر ارکان کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ اس بین الریاستی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا مکمل پردہ فاش کیا جا سکے۔ یہ بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا گرفتار خواتین صرف سپلائی کا کام کرتی تھیں یا ممبئی، دہلی اور دیگر ریاستوں میں سرگرم کسی منظم منشیات اسمگلنگ گروہ کا حصہ تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ شریک ملزمہ اوکوئے کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے جبکہ دونوں ملزمان کے پاسپورٹ ضبط کر لیے گئے ہیں۔