پاکستان میں انٹرنیٹ پر لاک ڈاؤن

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-08-2025
پاکستان میں انٹرنیٹ پر لاک ڈاؤن
پاکستان میں انٹرنیٹ پر لاک ڈاؤن

 



اسلام آباد /  آواز دی وائس
پاکستان میں سیلاب نے نہ صرف سیکڑوں انسانوں کی جانیں لی ہیں بلکہ ایک طرح سے لاک ڈاؤن جیسی صورتحال بھی پیدا کر دی ہے۔ پاکستان میں بدھ، 21 اگست کو ملک گیر انٹرنیٹ بندش کے باعث کاروبار، مالیاتی خدمات اور عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ صنعت کے ماہرین نے اسے حالیہ برسوں کی سب سے سنگین تکنیکی خرابیوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
وائرلیس اینڈ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق اندازاً ملک کے تقریباً دو تہائی انٹرنیٹ صارفین اس رکاوٹ سے متاثر ہوئے، یعنی پاکستان میں ہر 3 میں سے 2 افراد کے پاس انٹرنیٹ سہولت دستیاب نہیں تھی۔ قابل ذکر ہے کہ اسی تاریخ کو 2022 میں بھی بڑے پیمانے پر آنے والے سیلاب کی وجہ سے فائبر روٹ متاثر ہونے کے سبب ملک گیر انٹرنیٹ بندش ہوئی تھی۔
اس بار بھی انٹرنیٹ بندش کے پیچھے پاکستان میں آنے والے خطرناک سیلاب کو وجہ مانا جا رہا ہے۔ انٹرنیٹ خدمات کے متاثر ہونے کی بڑی وجہ انفراسٹرکچر کی کمزوری بتائی جا رہی ہے۔
ڈیجیٹل شعبے کی کمزور صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وائرلیس اینڈ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر شاہزاد ارشد نے کہا كہ یہ ایک قومی ناکامی ہے۔ انٹرنیٹ کا بند ہونا اب پاکستان میں کوئی نایاب واقعہ نہیں رہا، بلکہ بار بار سامنے آنے لگا ہے۔ 2025 میں بھی اسی تاریخ کو دو تہائی ملک کا انٹرنیٹ بند ہو جانا، جس دن 2022 میں بھی ایسا ہوا تھا، حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ اب بجلی جتنا ہی ضروری ہو چکا ہے کیونکہ فری لانسرز، اسپتال، طلبہ اور بینک سبھی اپنے کام کے لیے انٹرنیٹ پر انحصار کرتے ہیں۔ ارشد نے خبردار کیا كہ ہر گھنٹے کی بندش پاکستان کو کروڑوں کا نقصان پہنچاتی ہے اور ہماری بین الاقوامی ساکھ کو متاثر کرتی ہے۔
صنعتی تنظیم نے ریگولیٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ انٹرنیٹ ڈھانچے کو متنوع اور مضبوط بنانے کے لیے زیادہ سروس فراہم کنندگان کو حوصلہ افزائی کریں، علاقائی انٹرنیٹ ایکسچینج قائم کریں اور بیک اپ نظام میں سرمایہ کاری کریں۔ ارشد نے کہا كہ پاکستان کا ڈیجیٹل مستقبل اب کسی ایک ناکامی کا یرغمال نہیں رہ سکتا۔ ہمیں بار بار معافی نہیں بلکہ ٹھوس اصلاحات چاہئیں۔
اسی دوران پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ  نے آدھی رات کے بعد ایک پیغام میں کہا کہ ان کی خدمات میں دشواری پیش آ رہی ہے اور ٹیمیں جلد بحالی کے لیے کام کر رہی ہیں۔ کمپنی نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا كہ معزز صارفین، ہماری پی ٹی سی ایل اور یوفون خدمات پر ڈیٹا کنیکٹیویٹی کا مسئلہ پیش آ رہا ہے۔ ہماری ٹیمیں خدمات بحال کرنے کے لیے سرگرمی سے کام کر رہی ہیں۔ اس تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
انٹرنیٹ مانیٹرنگ گروپ نیٹ بلاکس نے 19 اگست کو ’ایکس‘ پر تصدیق کرتے ہوئے کہا كہ میٹرکس سے پتا چلتا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی میں بڑی رکاوٹ آئی ہے۔ بیک بون آپریٹر  پی ٹی سی ایل پر اس کا سب سے زیادہ اثر ہوا ہے اور قومی سطح پر کنیکٹیویٹی معمول کے صرف 20 فیصد پر رہ گئی ہے۔