بین الاقوامی صوفی رنگ فیسٹیول : ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد زائرین نے روحانی فن، موسیقی اور لائیو خطاطی کا لطف لیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2026
 بین الاقوامی صوفی رنگ فیسٹیول : ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد زائرین نے روحانی فن، موسیقی اور لائیو خطاطی کا لطف لیا
بین الاقوامی صوفی رنگ فیسٹیول : ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد زائرین نے روحانی فن، موسیقی اور لائیو خطاطی کا لطف لیا

 



 اجمیر، راجستھان: درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کا تاریخی محفل خانہ 18ویں بین الاقوامی صوفی رنگ فیسٹیول 2026 کے اختتام پر روحانی اور ثقافتی رنگوں سے جگمگا اٹھا۔ تین روزہ فیسٹیول میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد زائرین، عقیدت مندوں اور فن سے محبت رکھنے والوں نے شرکت کی، جہاں اجمیر شریف کے مقدس صحن میں روحانی فن، لائیو خطاطی اور صوفیانہ موسیقی پیش کی گئی۔

اختتامی تقریب چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید سلمان چشتی، فیسٹیول ڈائریکٹر ڈاکٹر عظیم ایس میمن اور فیسٹیول کوآرڈینیٹر حاجی محمود احمد شیخ کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔

تقریب کا آغاز معروف قوال آفتاب قادری اندوری کی روح پرور محفلِ سماع سے ہوا، جس کے بعد سید فضیل چشتی نے تلاوتِ قرآن پاک پیش کی۔

اختتامی تقریب میں اظہارِ تشکر کرتے ہوئے چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید سلمان چشتی نے ملک کے مختلف شہروں اور ریاستوں سے آنے والے زائرین، خطاطوں اور فنکاروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا، ’’آپ نے اپنے اپنے علاقوں میں مقدس فنِ تحریر کو زندہ رکھا اور اسے خواجہ غریب نوازؒ کی چوکھٹ تک لے کر آئے۔ جب کوئی نوجوان کسی قلم کو ذکر و عقیدت میں کاغذ پر حرکت کرتے ہوئے دیکھتا ہے تو اس کے اندر کچھ بیدار ہوتا ہے۔ یہی اس فیسٹیول کی اصل کامیابی ہے کہ ایک نئی نسل تخلیقی، مقدس اور روحانی تجربے کی جانب راغب ہو۔‘‘

اختتامی نشست کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کو مہمانانِ اعزاز کے طور پر اعزاز سے نوازا گیا۔ ان میں ہالی ووڈ پروڈیوسر آرنو کریمر، سابق صدر اجمیر بار ایسوسی ایشن ایڈووکیٹ ٹنڈن صاحب، انجمن سیدزادگان خدامِ خواجہ کے سیکریٹری جناب سید کلیم الدین چشتی، انجمن کے سینئر رکن سید منور چشتی، سرو دھرم میتری سنستھان کے صدر جناب پرکاش جین، این سی پی یو ایل (وزارتِ تعلیم، نئی دہلی) سے وابستہ جناب محمد قاسم، انجمن کے نوجوان رکن جناب سید مقصود چشتی خوشحالی، چشتی فاؤنڈیشن کے نوجوان اراکین سیدہ سمر چشتی، سید سرحان علی چشتی اور سید علی زید چشتی اور سینئر کنسلٹنٹ و چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ستیش شیو نانی شامل تھے۔

فیسٹیول میں حصہ لینے والے تقریباً 40 فنکاروں اور خطاطوں کو بھی شال اور یادگاری تحائف پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔ ان میں آفتاب قادری، اریب عمر، امان حسین، احسن شیخ، اقصیٰ خان، افشاں خان، الفیہ مدینہ، انیل کمار چوہان، عائشہ صدیقہ، بی بی تبسم، ثریا قریشی، درخشاں فاطمہ، دلینور فاطمہ، ایلیزا رفعت، حفیظہ تسنیم، گل ایوبی، گلشن فاطمہ، غیاث الدین شیخ، امتیاز انصاری، ارشاد علی بنارسی، جمال احمد، کے بی آرٹس (عبدالقادر اور یاسین باپو)، خورشید عالم، مدیحہ سلطانہ، محمد رفیق، منصب آرٹس، مصیرہ منصوری، معین نواب، منور اعظمی، شیخ نیاز احمد، راجیش چوہان، سیدہ ناہید، صائقہ راشد، شاہجہاں، سیدہ صوفی علی، سراج الدین شیخ، وکرم راؤ، ظفر رضا خان اور ضیاء الدین چشتی شامل تھے۔

فیسٹیول کا اختتام عالمی امن، فرقہ وارانہ بھائی چارے اور پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔ دعا ظہور بابا اور جناب منور چشتی نے مشترکہ طور پر کرائی۔’’سب سے محبت، کسی سے دشمنی نہیں‘‘ کے پیغام کے ساتھ 18واں بین الاقوامی صوفی رنگ فیسٹیول اختتام پذیر ہوا۔