کشمیر میں شدید سردی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-01-2026
کشمیر میں شدید سردی
کشمیر میں شدید سردی

 



سری نگر/ آواز دی وائس
کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں اس موسم کی سب سے سرد رات ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں درجۂ حرارت گر کر صفر سے تقریباً نو ڈگری نیچے پہنچ گیا۔ حکام نے پیر کے روز یہ جانکاری دی۔ حکام کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع معروف اسکی ریزورٹ گلمرگ میں اتوار کو تازہ برف باری کے بعد کم سے کم درجۂ حرارت صفر سے 8.8 ڈگری سیلسیس نیچے درج کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے گزشتہ دو راتوں سے گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت صفر سے 6.5 ڈگری سیلسیس نیچے بنا ہوا تھا۔ ادھر سری نگر میں اتوار کی رات کم سے کم درجۂ حرارت میں معمولی کمی دیکھی گئی اور یہ صفر سے 3.6 ڈگری سیلسیس نیچے ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہفتہ کی رات یہ درجۂ حرارت صفر سے 3.2 ڈگری سیلسیس نیچے تھا۔
جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت صفر سے 4.8 ڈگری سیلسیس نیچے رہا۔ وادی کے داخلی دروازے قاضی گنڈ میں پارہ صفر سے 2.0 ڈگری نیچے، کوکرناگ میں صفر سے 1.2 ڈگری نیچے اور شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں صفر سے 1.8 ڈگری سیلسیس نیچے درج کیا گیا۔
اس وقت کشمیر ’چِلّاۓ کلاں‘ کے دور سے گزر رہا ہے، جو 40 دنوں پر محیط شدید سردی کا زمانہ ہوتا ہے۔ اس دوران رات کے اوقات میں درجۂ حرارت اکثر نقطۂ انجماد سے کئی ڈگری نیچے چلا جاتا ہے۔ اس مدت کے دوران برف باری کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں، تاہم وادی کے میدانی علاقوں میں اس موسم میں اب تک کوئی برف باری نہیں ہوئی ہے۔
ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 5 اور 6 جنوری کو شمالی اور وسطی کشمیر کے بلند علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش یا برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔