سرحدی اضلاع میں آبادیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کی ہدایت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 13-06-2026
سرحدی اضلاع میں آبادیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کی ہدایت
سرحدی اضلاع میں آبادیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کی ہدایت

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتے کے روز آبادیاتی تبدیلیوں سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ ہندوستان کے سرحدی اضلاع میں آبادی کے رجحانات میں آنے والی تبدیلیوں کا باریک بینی سے جائزہ لے اور غیر قانونی ہجرت سمیت دیگر ’’غیر فطری عوامل‘‘ کے اثرات کا بھی مطالعہ کرے۔

حکام کے مطابق امت شاہ نے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں، بڑے شہروں اور صنعتی مراکز کا دورہ کرکے زمینی سطح پر آبادیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جائے۔ وزارتِ داخلہ نے گزشتہ ماہ اس کمیٹی کی تشکیل کی تھی تاکہ غیر قانونی ہجرت اور دیگر غیر معمولی عوامل کے نتیجے میں ملک بھر میں ہونے والی آبادیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جا سکے اور ان کے تدارک کے لیے مناسب سفارشات پیش کی جا سکیں۔

یہ کمیٹی سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس پرکاش پربھاکر ناؤلیکَر کی سربراہی میں کام کر رہی ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں مردم شماری کمشنر، سابق آئی اے ایس افسر درگا شنکر مشرا، سابق آئی پی ایس افسر بالاجی سریواستو اور ماہرِ معاشیات شامیکا روی شامل ہیں۔ وزارتِ داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری (فارنرز-1) کمیٹی کے رکن سکریٹری ہیں۔

کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا تھا کہ آبادیاتی تبدیلی ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کا تعلق صرف ملک کی خودمختاری ہی سے نہیں بلکہ قومی سلامتی، قانون و نظم، سماجی ہم آہنگی اور قبائلی برادریوں کے تحفظ سے بھی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کمیٹی غیر قانونی ہجرت اور دیگر غیر فطری عوامل کے سبب ملک میں رونما ہونے والی آبادیاتی تبدیلیوں کا جامع جائزہ لے گی، مذہبی اور سماجی طبقات میں غیر معمولی آبادیاتی تبدیلیوں کے رجحانات کا تجزیہ کرے گی اور ان کے حل کے لیے منصوبہ بند اور وقت مقررہ سفارشات پیش کرے گی۔

کمیٹی کی شرائطِ کار کے مطابق وہ ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی آبادیاتی تبدیلیوں کا سائنسی جائزہ لے گی، ان کے اسباب کا تعین کرے گی اور پالیسی، قانون سازی اور انتظامی سطح پر ضروری تجاویز پیش کرے گی۔ کمیٹی کو یہ ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی ہجرت سمیت آبادیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل کا مطالعہ کرے اور سرحد پار سرگرمیوں، معاشی مواقع اور سماجی و ماحولیاتی عوامل جیسے ممکنہ اسباب کا جائزہ لے۔

مزید برآں، کمیٹی ایسے عوامل کی نشاندہی کرے گی جو حکومت کے مطابق غیر معمولی آبادیاتی رجحانات، غیر قانونی ہجرت، غیر معمولی آبادکاری اور منظم نقل مکانی کا سبب بنتے ہیں۔ کمیٹی مختلف مذہبی اور سماجی طبقات میں آبادی کے بدلتے ہوئے تناسب کا بھی تجزیہ کرے گی، خصوصاً ان معاملات میں جہاں یہ رجحانات عمومی آبادیاتی نمونوں سے نمایاں طور پر مختلف ہوں۔