نئی دہلی
تجارت کے سکریٹری راجیش اگروال نے پیر کے روز کہا کہ ہندوستانی صنعتوں کو اُن آزاد تجارتی معاہدوں سے فائدہ اٹھانے اور ان کا مؤثر استعمال کرنے کی ضرورت ہے، جنہیں ہندوستان حتمی شکل دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے تجارت اور سرمایہ کاری، دونوں کے لیے بڑے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
سکریٹری نے کہا کہ ایف ٹی اے سے مکمل فائدہ اٹھانے اور ان کا مؤثر استعمال کرنے کا ملک کا ماضی کا ریکارڈ "زیادہ اچھا نہیں" رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کی صنعتی پالیسی کو اس کی تجارتی پالیسی کا معاون ہونا چاہیے، کیونکہ تجارت اس بات پر بھی منحصر ہے کہ ہندوستان سرمایہ کاری اور پیداوار کو کس طرح فروغ دیتا ہے۔
آزاد تجارتی معاہدوں سے متعلق ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سے بار بار ایف ٹی اے کے استعمال کے بارے میں سوال پوچھے جاتے ہیں۔ حقیقت میں ایف ٹی اے سے کیا فائدہ حاصل ہو رہا ہے؟
ہندوستان نے سنگاپور، جاپان، جنوبی کوریا اور آسیان سمیت کئی ممالک اور گروپوں کے ساتھ تجارتی معاہدے کیے ہیں۔ اگروال نے کہا کہ ان معاہدوں سے دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے، لیکن ہندوستان کی برآمدات، درآمدات کے مقابلے میں سست رفتار سے بڑھی ہیں۔
ماریشس، متحدہ عرب امارات ، آسٹریلیا، یورپی یونین ، برطانیہ، ای ایف ٹی اے ، نیوزی لینڈ اور عمان کے ساتھ تجارتی معاہدوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جدید نوعیت کے معاہدے ہیں اور صرف محصولات تک محدود نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صنعت اور حکومت سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو ان معاہدوں کو ملک کے لیے مفید بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق، ان ایف ٹی اے کے استعمال کو بڑھانے کے لیے معلومات کی فراہمی اور صلاحیت سازی نہایت اہم ہے۔