اندور میں آتشزدگی ۔سات افراد جل کر ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-05-2022
اندور میں آتشزدگی ۔سات افراد جل کر ہلاک
اندور میں آتشزدگی ۔سات افراد جل کر ہلاک

 

 

اندور :مدھیہ پردیش کے اندور شہر کی سوارن باغ کالونی میں ایک گھر میں زبردست آگ لگنے سے سات افراد زندہ جل کر ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح تقریباً 3 بجے پیش آیا۔ اس وقت اس گھر میں رہنے والے لوگ گہری نیند میں سو رہے تھے، ان میں سے اکثر کی موت نیند میں جھلسنے اور دم گھٹنے سے ہوئی۔ آگ لگنے سے آٹھ افراد بری طرح زخمی ہو گئے۔ اسے تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ 

آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ یہ کالونی اندور کے وجے نگر علاقے میں واقع ہے۔ آگ لگنے کا واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور وجے نگر پولس اسٹیشن نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشوں کو ایم وائی اسپتال بھیج دیا۔ آگ کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد کرایہ دار بتائے جاتے ہیں۔

 اندور کے پولس کمشنر ہرینارائن چاری مشرا نے سات لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ آگ پر قابو پانے میں تقریباً تین گھنٹے لگے۔

 حادثے کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے پہلے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں میں لگی اور پھر آہستہ آہستہ پورے گھر میں پھیل گئی۔ اس نے ایسی بھیانک شکل اختیار کر لی کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا۔

 

 انچارج وزیر مشرا نے غم کا اظہار کیا، ایم ایل اے ہردیہ نے جائزہ لیا۔ ۔

 ریاست کے داخلہ اور اندور کے انچارج وزیر نروتم مشرا نے اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایات دی ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔ فرانزک اور انٹیلی جنس افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔ ایم ایل اے مہیندر ہردیا اور پولس کمشنر نے بھی جائے وقوعہ کا جائزہ لیا ہے۔