انڈیگو کی ممبئی اور دہلی ہوائی اڈوں پر 220 سے زائد پروازیں منسوخ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-12-2025
انڈیگو کی ممبئی اور دہلی ہوائی اڈوں پر 220 سے زائد پروازیں منسوخ
انڈیگو کی ممبئی اور دہلی ہوائی اڈوں پر 220 سے زائد پروازیں منسوخ

 



ممبئی: انڈیگو ایئر لائن نے آپریشنل مسائل کی وجہ سے اتوار کے روز دہلی اور ممبئی ہوائی اڈوں پر 220 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران اسی نوعیت کے مسائل کی وجہ سے سیکڑوں پروازیں پہلے ہی منسوخ ہو چکی ہیں اور کئی پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں، جس سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق، ممبئی ہوائی اڈے پر کم از کم 112 جبکہ دہلی ہوائی اڈے پر 109 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کو روزانہ 2,300 پروازوں میں سے تقریباً 1,600 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں، تاہم ہفتہ کو صورتحال میں کچھ بہتری آئی اور تقریباً 800 پروازیں منسوخ رہیں۔

انڈیگو کے سی ای او پیٹر ایلبرز اور سی او او و ‘اکاؤنٹیبل مینیجر’ ایسیدرو پورکیرس کو ہفتہ کو ڈی جی سی اے کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا، جس میں انہیں 24 گھنٹوں کے اندر اس مسئلے کی وضاحت دینے کو کہا گیا۔ انڈیگو نے بتایا کہ ہفتہ کو اس نے 1,500 پروازیں چلائی۔ انڈیگو ایئر لائن، ہندوستان کی سب سے بڑی نجی ایئر لائن ہے، اور اس کی بڑی تعداد میں پروازیں روزانہ مختلف شہروں میں چلتی ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں آپریشنل مسائل، اسٹاف کی کمی، اور تکنیکی رکاوٹوں کی وجہ سے متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوئی ہیں، جس سے مسافروں میں شدید ناخوشی پائی گئی ہے۔ حکومت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) نے ایئر لائن کو نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کی ہے تاکہ آئندہ اس طرح کے مسائل سے بچا جا سکے۔