ہندوستانی نوجوان اب دنیا سے مقابلہ نہیں، قیادت کر رہے ہیں: پرہلاد جوشی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2026
ہندوستانی نوجوان اب دنیا سے مقابلہ نہیں، قیادت کر رہے ہیں: پرہلاد جوشی
ہندوستانی نوجوان اب دنیا سے مقابلہ نہیں، قیادت کر رہے ہیں: پرہلاد جوشی

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر تعلیم پرہلاد جوشی نے ہفتہ کو کہا کہ ہندوستان کا تعلیمی نظام ’’طلبہ مرکوز، تحقیق پر مبنی اور مستقبل کے لیے تیار‘‘ ہے اور ملک کے نوجوان اب دنیا سے صرف مقابلہ نہیں کر رہے بلکہ اس کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔ جوشی نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) دہلی کے 57ویں جلسۂ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’وزیر تعلیم کا اضافی چارج سنبھالنے کے بعد کسی تعلیمی ادارے میں یہ میرا پہلا عوامی پروگرام ہے اور وہ بھی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ۔ آپ سب کے درمیان آکر مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے اور میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں۔

‘‘ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ’’ہندوستان کے نوجوانوں کی صلاحیت پر ہمیشہ بے پناہ اعتماد‘‘ ظاہر کیا ہے اور انہیں ’’ترقی یافتہ ہندوستان 2047 کے اہم معمار‘‘ قرار دیا ہے۔ جوشی نے کہا، ’’آج اعلیٰ تعلیم میں 4.5 کروڑ سے زیادہ طلبہ رجسٹرڈ ہیں۔ 2014 کے بعد یونیورسٹیوں کی تعداد میں تقریباً 70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

‘‘ انہوں نے بتایا کہ 650 سے زیادہ نئی یونیورسٹیاں، 14 ہزار نئے کالج، 4 ہزار سے زیادہ نئے صنعتی تربیتی ادارے (آئی ٹی آئی)، 9 نئے آئی آئی ایم، 7 نئے آئی آئی ٹی اور 13 نئے ایمس قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجوں کی تعداد دگنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے، جبکہ میڈیکل کی نشستیں تقریباً تین گنا بڑھ گئی ہیں۔ ملک کے 823 میڈیکل کالجوں میں تقریباً 1.4 لاکھ نشستیں دستیاب ہیں۔ جوشی نے کہا کہ 14 ہزار سے زیادہ پی ایم اسکولز فار رائزنگ انڈیا (پی ایم شری) اور 10 ہزار اٹل ٹنکرنگ لیبارٹریوں کے ذریعے بچوں کو اختراع، ٹیکنالوجی اور نئے خیالات کی طاقت سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کھیلوں کے شعبے میں حکومت کی پہل کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق کھیلو انڈیا، یونیورسٹی کھیلوں اور یوتھ گیمز جیسے پروگراموں نے گاؤں، قصبوں اور ابھرتے ہوئے شہروں کی صلاحیتوں کو قومی سطح تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ نوجوانوں اور کھیلوں دونوں کو کتنی اہمیت دی گئی ہے۔‘‘ جوشی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی بین الاقوامی مقابلوں سے قبل اور بعد میں کھلاڑیوں سے ملاقات کرتے ہیں، جس سے ان کا حوصلہ اور اعتماد بڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’نئے ہندوستان کا یہ اعتماد حال ہی میں منعقدہ دولتِ مشترکہ کھیلوں میں ایک بار پھر نظر آیا۔‘‘ جوشی کے مطابق ہندوستانی کھلاڑیوں نے 13 طلائی، 17 چاندی اور 9 کانسی سمیت مجموعی طور پر 39 تمغے جیتے اور تمغوں کی فہرست میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

انہوں نے کہا، ’’ایک وقت تھا جب سوال کیا جاتا تھا کہ ہندوستان کے نوجوان دنیا سے کیسے مقابلہ کریں گے۔ آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ ہندوستان کے نوجوان اس کی قیادت کیسے کر رہے ہیں، اور ہماری ناری شکتی بھی کسی طور پیچھے نہیں ہے۔‘‘ جوشی نے تعلیم کے شعبے میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) میں داخلہ لینے والوں میں خواتین کی حصہ داری تقریباً 44 فیصد ہے، جو دنیا میں سب سے زیادہ شرحوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا، ’’وزیر اعظم مودی کے وژن نے ہمارے تعلیمی نظام کو طلبہ مرکوز، تحقیق پر مبنی اور مستقبل کے لیے تیار بنایا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020، ’اکیڈمک بینک آف کریڈٹس‘ اور ’ملٹی پل انٹری، ملٹی پل ایگزٹ‘ جیسی پہل طلبہ کو کافی لچک فراہم کر رہی ہیں اور اعلیٰ تعلیم کو حقیقی معنوں میں طلبہ مرکوز بنا رہی ہیں۔

جوشی نے کہا، ’’وزیر اعظم نے ہندوستانی اداروں میں یہ نیا اعتماد پیدا کیا ہے کہ ہمارے کیمپس صرف گریجویٹ ہی نہیں بلکہ اختراع کار، محقق اور قوم کے معمار بھی تیار کر سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے آئی آئی ٹی دہلی کو ’’اس تبدیلی کی جیتی جاگتی مثال‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ادارے کو ملنے والی شناخت نہ صرف اس کی بہترین کارکردگی بلکہ دنیا بھر میں ہندوستانی اعلیٰ تعلیم کے بڑھتے ہوئے قد کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’ہندوستان کی نوجوان طاقت کی شاندار جھلک آج یہاں وزیر اعظم کے سامنے بیٹھی ہوئی ہے۔‘‘ جوشی نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ سے کہا کہ وہ آئی آئی ٹی سے صرف ڈگری لے کر نہیں جا رہے بلکہ ایک ذمہ داری بھی لے کر جا رہے ہیں—بامقصد اختراع کرنے، ایمانداری کے ساتھ قیادت کرنے اور ہندوستان کو ترقی یافتہ ہندوستان بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری۔ انہوں نے طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’’عمدگی کے ساتھ ساتھ اخلاقیات اور اقدار بھی اہم ہیں۔‘‘