ہندوستانی خواتین ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ میں ٹی20 سیریز شامل

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2026
ہندوستانی خواتین ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ میں ٹی20 سیریز شامل
ہندوستانی خواتین ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ میں ٹی20 سیریز شامل

 



نئی دہلی: کرکٹ جنوبی افریقہ (سی ایس اے) نے جمعرات کو سال کے آخر میں ہونے والے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ کے پروگرام میں ترمیم کرتے ہوئے ایک ٹیسٹ، تین ایک روزہ میچوں کے ساتھ تین ٹی20 بین الاقوامی میچوں کی سیریز بھی شامل کر دی ہے۔ ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق واحد ٹیسٹ میچ 9 سے 12 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 16 سے 22 دسمبر کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ہوگی۔

ہندوستانی خواتین ٹیم جنوبی افریقہ میں ایک ہفتہ مزید قیام کرے گی اور 26 سے 30 دسمبر کے درمیان تین ٹی20 بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ٹی20 میچ بینو نی اور پوچے فسٹروم میں منعقد ہوں گے۔ سی ایس اے کا ماننا ہے کہ یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے فروری میں سری لنکا میں منعقد ہونے والی پہلی آئی سی سی ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کا بہترین موقع ثابت ہوگی۔

کرکٹ جنوبی افریقہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فولیٹسی موسیکی نے ایک بیان میں کہا، ’’ہمیں ہندوستان کے دورۂ جنوبی افریقہ کے ترمیم شدہ پروگرام کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ تہواروں کے موسم میں ٹی20 سیریز کا اضافہ ہماری خواتین ٹیم کو آئندہ سال سری لنکا میں ہونے والی پہلی آئی سی سی ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی بہترین تیاری کا موقع فراہم کرے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہندوستان عالمی کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔

تینوں فارمیٹس میں اس کے خلاف کھیلنا ہمارے لیے انتہائی اہم ہوگا، کیونکہ ہم ایک اور بڑے آئی سی سی ٹورنامنٹ کی تیاری کر رہے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ ہندوستانی خواتین ٹیم نے اسی سال مارچ-اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا، جہاں اسے پانچ ٹی20 بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں انگلینڈ میں منعقدہ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آئیں، جہاں جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو شکست دے کر اس کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو بڑا دھچکا پہنچایا۔