ہندوستانی ریلوے نے آج ایک بڑا سنگِ میل عبور کیا:مودی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
 ہندوستانی ریلوے نے آج ایک بڑا سنگِ میل عبور کیا:مودی
ہندوستانی ریلوے نے آج ایک بڑا سنگِ میل عبور کیا:مودی

 



جیند (ہریانہ): وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ہریانہ کے جیند اور سونی پت کے درمیان چلنے والی ہندوستان کی پہلی ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور اسے "میک اِن انڈیا" مہم کی ایک کامیاب مثال قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جہاں ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرینیں باقاعدہ طور پر چل رہی ہیں۔

اسے ریلوے کے شعبے میں صاف، ماحول دوست اور پائیدار نقل و حمل کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ یہ ٹرین جیند اور سونی پت کے درمیان 89 کلومیٹر کا فاصلہ تقریباً دو گھنٹے میں طے کرے گی اور راستے میں 12 اسٹیشنوں پر رکے گی۔

ٹرین کو روانہ کرنے کے بعد وزیر اعظم نے 14,700 کروڑ روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد بھی رکھا۔ بعد ازاں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے نے آج ایک بڑا سنگِ میل عبور کیا ہے اور جیند سے سونی پت کے درمیان چلنے والی یہ ہائیڈروجن ٹرین دنیا کی سب سے طاقتور ہائیڈروجن سے چلنے والی ٹرین ہے۔

وزیر اعظم نے مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو آبنائے ہرمز کے راستے بڑی مقدار میں پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی گیس اور کھاد کی سپلائی ہوتی ہے، جبکہ گزشتہ تین سے چار ماہ سے یہ بحری راستہ مسلسل تنازع کا مرکز بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ اور تیل کے بحران کے باوجود ہندوستانی ریلوے اور ملک کی ترقی کی رفتار متاثر نہیں ہوئی۔

ان کے مطابق اگر ایسی صورتِ حال 2014 سے پہلے پیدا ہوتی تو ہندوستانی ریلوے کا نظام تقریباً مفلوج ہو جاتا۔ مودی نے کہا کہ جیند کا یہ دورہ ان کے لیے پرانی یادیں تازہ کرنے کا باعث بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی محبت کو وہ کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیند کا گھی اور گھیور تو پہلے جیسے ہی ہیں، لیکن اس کے "تیور" ضرور بدل گئے ہیں، اور آج جیند بھارتیہ جنتا پارٹی کی اچھی حکمرانی کی ایک مثال بنتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا، "جب بھی ہائیڈروجن ٹرین کا ذکر ہوگا، جیند، سونی پت اور ہریانہ کا نام ضرور لیا جائے گا۔ اس کامیابی پر میں پورے ملک کو مبارک باد دیتا ہوں۔" آسمانی اور سفید رنگوں سے مزین یہ جدید ٹرین ہائیڈروجن فیول سیل ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جس میں ہائیڈروجن کو بجلی میں تبدیل کرکے ٹرین کو توانائی فراہم کی جاتی ہے۔

اس عمل کے دوران صرف آبی بخارات خارج ہوتے ہیں اور کاربن کا اخراج بالکل نہیں ہوتا۔ ڈیزل ٹرینوں کے مقابلے میں ہائیڈروجن ٹرینیں ماحول دوست ہیں، فوسل ایندھن اور اس کی درآمد پر انحصار کم کرتی ہیں اور نہایت کم شور کے ساتھ چلتی ہیں۔

روایتی برقی ٹرینوں کے برعکس، اس ٹرین کو چلانے کے لیے پوری ریلوے لائن پر اوورہیڈ برقی نظام کی ضرورت نہیں ہوتی، کیونکہ بجلی ٹرین کے اندر ہی ہائیڈروجن فیول سیل کے ذریعے پیدا کی جاتی ہے، جس سے یہ زیادہ مؤثر اور صاف توانائی پر مبنی سفری ذریعہ بن جاتی ہے۔

گرین ہائیڈروجن کے استعمال سے فوسل ایندھن سے چلنے والے تھرمل پاور پلانٹس پر انحصار بھی کم ہوگا، جس سے ہندوستان کے پائیدار اور ماحول دوست نقل و حمل کے ہدف کو مزید تقویت ملے گی۔ ہندوستان کی اس ہائیڈروجن ٹرین میں 10 ڈبے ہیں، جس کے باعث یہ دنیا کی طویل ترین ہائیڈروجن سے چلنے والی مسافر ٹرینوں میں شامل ہو گئی ہے۔ اس کا 3,200 ہارس پاور کا پروپلشن سسٹم اسے دنیا میں اس وقت چلنے والی سب سے طاقتور ہائیڈروجن مسافر ٹرینوں میں شمار کرتا ہے۔