نئی دہلی: آنے والا ہفتہ کئی اہم واقعات سے بھرپور ہوگا، جس میں بڑی کمپنیوں کے سہ ماہی مالیاتی نتائج، ہند-امریکہ تجارتی مذاکرات کے نتائج اور مہنگائی کے اعداد و شمار شامل ہیں، جو ملکی اسٹاک مارکیٹ کی سمت طے کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تجزیہ کاروں نے یہ رائے ظاہر کی ہے۔ اس کے علاوہ عالمی منڈیوں کا رجحان اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سرگرمیاں بھی بازار کی سمت کو متاثر کریں گی۔
عالمندز گلوبل کے سینئر ایکویٹی ریسرچ تجزیہ کار سمرنجیت سنگھ بھاٹیہ نے کہا: ’’عالمی اشاریے گھریلو شیئر بازار کی سمت طے کرتے رہیں گے، لیکن سرمایہ کاروں کی نظر ہندوستان اور امریکہ کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات کے ممکنہ نتائج پر مرکوز رہے گی۔ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے، اس لیے مجموعی طور پر غیر یقینی صورتحال کا ماحول ہے۔
اس غیر یقینی ماحول میں تاجر کسی بڑے مثبت اقدام پر مطمئن نظر نہیں آ رہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے کچھ ہفتوں کے دوران سرمایہ کار کمپنیوں کے پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج پر بھی گہری نظر رکھیں گے۔
ایک اور تجزیہ کار کے مطابق، گزشتہ ہفتے بازار میں ایک فیصد سے زیادہ کی گراوٹ دیکھی گئی، جس کی اہم وجہ عالمی سطح پر محصولات (ڈیوٹی) سے متعلق غیر یقینی صورتحال اور سہ ماہی نتائج کے سیزن کی مایوس کن شروعات تھی۔ گزشتہ ہفتے بی ایس ای کا سینسیکس (30 شیئرز والا انڈیکس) 932.42 پوائنٹس یعنی 1.11 فیصد نیچے آیا، جبکہ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 311.15 پوائنٹس یعنی 1.22 فیصد گرا۔
ریلیگیر بروکنگ لمیٹڈ کے ریسرچ کے سینئر نائب صدر اجیت مشرا نے کہا: ’’آگے جا کر، کمپنیوں کے سہ ماہی نتائج کا سیزن اہمیت کا حامل رہے گا۔ آنے والے ہفتے میں HCL ٹیک، ٹیک مہندرا، ایکسس بینک، ویپرو، اور JSW اسٹیل جیسی بڑی کمپنیوں کے جون سہ ماہی کے نتائج آنے والے ہیں۔
معاشی محاذ پر، بازار کی نظریں 14 جولائی کو آنے والے تھوک قیمت اشاریہ (WPI) پر مبنی مہنگائی کے اعداد و شمار اور خوردہ مہنگائی پر مرکوز ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کا رجحان بھی بازار کے لیے اہم ہوگا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر بازار تجارتی مذاکرات، محصولات سے متعلق کسی بھی پیش رفت، امریکی مہنگائی اور چین کی جی ڈی پی جیسے اہم اقتصادی اعداد و شمار پر نظر رکھے گا۔
موتی لال اوسووال فائنینشل سروسز لمیٹڈ کے ریسرچ، ویلتھ مینجمنٹ کے سربراہ سدھارتھ کھیمکا نے کہا: ’’جیسے جیسے کمپنیوں کے سہ ماہی نتائج سامنے آئیں گے، کچھ مخصوص شیئرز میں سرگرمی کی بنیاد پر بازار میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی مذاکرات سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث مارکیٹ میں فی الحال کمزوری برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اب سرمایہ کاروں کی توجہ مہنگائی کے اہم اعداد و شمار، پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج، اور ہند-امریکہ تجارتی معاہدے سے متعلق واقعات پر مرکوز ہوگی۔ اجیت مشرا نے آخر میں کہا کہ تجارت اور محصولات سے متعلق غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے بازار کی مجموعی سوچ کمزور بنی ہوئی ہے۔