ممبئی: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستانی معیشت پر دیے گئے بیان کے جواب میں ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر سنجے ملہوترا نے بدھ کو کہا کہ ہندوستانی معیشت ’’بہت اچھی‘‘ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور عالمی اقتصادی ترقی میں امریکہ کے مقابلے کہیں زیادہ حصہ لے رہی ہے۔
ملہوترا نے کہا کہ ہندوستان کی معیشت سال 2025 میں 6.5 فیصد کی شرح سے ترقی کرنے کی امید ہے، جبکہ عالمی شرح ترقی تقریباً 3 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔ انہوں نے دوماہی مانیٹری پالیسی ریویو کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاہم عالمی اقتصادی ترقی میں تقریباً 18 فیصد کا حصہ ڈال رہے ہیں، جو کہ 11 فیصد کے قریب حصہ ڈالنے والے امریکہ سے کافی زیادہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ٹرمپ نے پچھلے ہفتے ہندوستان کی طرف سے روس سے سستا تیل خریدنے کے عمل پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ہندوستان کو ‘‘مردہ معیشت’’ (Dead Economy) قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھامجھے اس سے فرق نہیں پڑتا کہ ہندوستان روس کے ساتھ کیا کرتا ہے۔
وہ اپنی مردہ معیشتوں کو ساتھ لے کر ڈوب سکتے ہیں۔ جب ہندوستان-امریکہ تعلقات پر اس بیان کے ممکنہ اثرات کے بارے میں سوال کیا گیا تو ملہوترا نے کہا کہ ایسی کسی بھی صورت حال میں ہندوستان میں مہنگائی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہندوستان کو روس کے بجائے کسی اور ملک سے تیل خریدنے پر مجبور کیا گیا تب بھی گھریلو افراطِ زر (Inflation) پر اس کا کوئی خاص اثر نہیں ہوگا۔
گورنر نے اشارہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو حکومت عوام کو راحت دینے کے لیے محصولات (ڈیوٹی) میں کمی کر سکتی ہے۔ دوسری جانب آر بی آئی کی ڈپٹی گورنر پونم گپتا نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی حالات کا گھریلو افراطِ زر پر کوئی براہِ راست اثر نہیں ہوگا۔