جودھپور/ آواز دی وائس
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ’آپریشن سیندور‘ کا ذکر کرتے ہوئے پیر کے روز کہا کہ ہندوستانی فوج نے پاکستان کے بزدلانہ حملوں کا "منہ توڑ جواب" دیا اور مقررہ اہداف پر بالکل درست حملے کیے۔
جودھپور میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا كہ ہمارے نوجوانوں کی توانائی اور عزم آپریشن سندور کے دوران بھی ہم نے دیکھا ہے... ہماری افواج نے پاکستان کے بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا كہ اس آپریشن کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ حملے کے لیے جو ہدف طے کیا گیا تھا... بالکل اسی ہدف پر ہماری فوج نے حملہ کیا۔ میں تو یہ تک کہنا چاہوں گا کہ آپریشن سندور کے دوران ہماری افواج کو تمام سرحدی علاقوں سے مکمل حمایت ملی۔
سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ’وَسُدھیو کُٹمبکم‘ کے اصول پر یقین رکھتا ہے اور ذات، مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں کرتا، لیکن دہشت گردوں نے لوگوں کو ان کے مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا كہ ہم پوری دنیا کو ہی اپنا خاندان مانتے ہیں۔ ذات، مذہب یا عقیدے کے نام پر ہم امتیاز کرنے والے نہیں ہیں۔ لیکن دہشت گردوں نے پہلگام میں لوگوں سے مذہب پوچھ کر ان کا قتل کیا۔
انہوں نے مزید کہا كہ لیکن ہماری فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کو شہ دینے والوں اور دہشت گردانہ واقعات میں ملوث لوگوں کو ختم کیا۔... انہیں ان کے مذہب دیکھ کر نہیں بلکہ ان کے عمل دیکھ کر ختم کیا ہے۔
وزیر دفاع نے تعلیم کے میدان میں وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا كہ وزیر اعظم نے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے لیے مضبوط ارادے اور پختہ عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔