کولمبو/ آواز دی وائس
سری لنکا میں اچانک آنے والی تباہ کن سیلاب کے باعث بے گھر ہونے والے لوگوں کے لیے ہنگامی امدادی سامان لے کر جانے والا ہندوستانی فضائیہ کا طیارہ جمعہ کی دیر رات سری لنکا پہنچا۔ ضروری غذائی اشیا اور صفائی سے متعلق سامان لے کر گیا سی-130 طیارہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے کولمبو کے بندرانائکے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا، جہاں ہندوستانی ہائی کمیشن کے حکام اور سری لنکا فضائیہ کے افسران نے طیارے کا استقبال کیا۔
مشکل کی اس گھڑی میں سری لنکا کی مدد کے لیے ہندوستان نے جمعہ کو "آپریشن ساگر بندھو" شروع کیا، اور امدادی سامان کی پہلی کھیپ ہندوستانی بحریہ کے طیارہ بردار جہاز آئی این ایس وکرانت اور آئی این ایس اُدے گِری کے ذریعے سری لنکا پہنچائی گئی۔ یہ مدد ایسے وقت پہنچی ہے جب سری لنکا کے حکام نے کیلانی اور اٹانگلّو دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے کے سبب جمعہ رات سے ویسٹرن پروونس میں "غیر متوقع آفت کی صورتحال" کی وارننگ جاری کی ہے۔
طوفان "ڈِٹوا" سے ہونے والی تباہی نے سری لنکا کو شدید بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں سیلاب آئے، لینڈ سلائنڈنگ ہوئے اور بنیادی ڈھانچے کو بھاری نقصان پہنچا۔ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ سینٹر نے ہفتہ صبح چھ بجے تک 69 اموات کی تصدیق کی ہے، جبکہ کم از کم 34 افراد لاپتہ ہیں۔ ڈی ایم سی کے مطابق تقریباً 61 ہزار خاندانوں کے دو لاکھ سے زائد لوگ اس آفت سے متاثر ہوئے ہیں۔
سنٹرل پروونس کے کینڈی میں امدادی حکام نے کہا کہ اصل ہلاکتیں اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں، کیونکہ صرف کینڈی ضلع میں ہی جمعہ دیر رات تک 50 سے زیادہ اموات ہو چکی تھیں، جن کی ابھی باضابطہ تصدیق باقی ہے۔ بیڈُلا ضلع، جو وسطی پہاڑی علاقے میں واقع ہے، بھی لینڈ سلائڈنگ سے شدید متاثر ہوا ہے، جہاں متعدد لوگ لاپتہ ہیں اور 35 سے زائد افراد کی جان جا چکی ہے۔ طوفان ڈِٹوا کے باعث مسلسل بارش سے تمام بڑے آبی ذخائر اور دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے، اور حکام نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے، اگرچہ طوفان ڈِٹوا ہفتہ دیر رات تک جزیرے سے آگے بڑھ جائے گا۔ سری لنکا کے تقریباً 35 فیصد علاقوں میں جمعہ صبح سے ہی بجلی نہیں ہے، جس کی وجہ سے سیلون الیکٹر سٹی بورڈ کے تقریباً 70 لاکھ صارفین متاثر ہوئے ہیں۔ لگاتار بارش اور سیلاب کی وجہ سے بجلی کی بحالی میں رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔