کولکتہ/آواز دی وائس
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کو کہا کہ اگر بنگال نہ ہوتا تو ہندوستان کو آزادی نہ ملتی، کیونکہ رابندر ناتھ ٹیگور اور سُبھاش چندر بوس جیسی شخصیات یہیں پیدا ہوئیں جنہوں نے ملک کی تقدیر کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ’کنیاشری‘ اسکیم کی 12ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ایک تقریب میں بنرجی نے کہا کہ بنگال اُمید کی وہ کرن ہے جو تنوع میں یکجہتی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بنگال نہ ہوتا تو ہندوستان کو آزادی نہ ملتی۔ بنگال کی مٹی نے رابندر ناتھ ٹیگور، نذرال اسلام اور سُبھاش چندر بوس جیسے عظیم لوگوں کو جنم دیا۔ قومی ترانہ، قومی گیت اور ’جے ہند‘ کا نعرہ بنگالیوں کی تخلیق ہے۔ بنرجی کا یہ بیان اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ ترنمول کانگریس بنگالی شناخت کے گرد ایک مہم چلا رہی ہے اور بی جے پی کی حکومت والے ریاستوں پر مغربی بنگال کے مہاجر مزدوروں کے ساتھ لسانی بنیادوں پر ظلم کرنے کا الزام لگا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کے زیادہ تر آزادی کے متوالے بنگال سے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ پائیں گے کہ سیلولر جیل (پورٹ بلیئر میں) کے تقریباً 70 فیصد قیدی بنگالی تھے۔ پنجاب کے آزادی کے متوالے دوسرے نمبر پر تھے۔ تقریب میں موجود اسکولی طالبات سے بنرجی نے کہا کہ کل (جمعہ کو) یومِ آزادی ہے۔ میں سب سے اپیل کرتی ہوں کہ تنگ نظری اور تفریق پیدا کرنے والے خیالات کو چھوڑ دیں۔ بنگال تنوع کے بیچ ہم آہنگی اور یکجہتی کی علامت ہے۔ ہم مضبوط اور متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تقسیم کے بعد جو لوگ ملک میں آئے، وہ سب (ہندوستان کے) شہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل ہی میں نے پڑھا کہ ایک والد اپنے بیٹے کے ساتھ ایک کھیل مقابلے میں گئے تھے، لیکن بنگلہ میں بات کرنے کی وجہ سے انہیں نوئیڈا کے ایک ہوٹل میں ٹہرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ہم آپ کی زبانوں کا احترام کر سکتے ہیں تو آپ ہماری زبانوں کا احترام کیوں نہیں کر سکتے؟
بنرجی نے بنگال کو فنڈ سے محروم کیے جانے کی بات بھی اٹھائی اور ’’اعلیٰ تعلیم میں وظیفوں پر قدغن لگانے‘‘ کے لیے مرکز پر تنقید کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یو جی سی (یونیورسٹی گرانٹ کمیشن) نے تحقیقی سرگرمیوں کے لیے فنڈ دینا تقریباً بند کر دیا ہے۔ ریاستی حکومت اب ان تعلیمی سرگرمیوں کی کفالت کر رہی ہے۔
بنرجی نے کہا کہ انگریزی سمیت کئی زبانیں سیکھنے کی ضرورت ہے، لیکن مادری زبان کو نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ کی مٹھاس ہر جگہ پھیلی ہوئی ہے۔ بنرجی نے بتایا کہ اب تک 93 لاکھ طالبات ’کنیاشری‘ اسکیم سے فائدہ اٹھا چکی ہیں، جس کا مقصد کم عمری کی شادی کو روکنا ہے اور اگلے سال یہ تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔
اس اسکیم کے تحت 13 سے 18 سال کی عمر کی غریب اسکولی طالبات کو سالانہ 1,000 روپے اور بالغ ہونے پر 25,000 روپے کی ایک مشت مدد دی جاتی ہے، بشرطیکہ وہ کسی تعلیمی یا پیشہ ورانہ سرگرمی میں مشغول ہوں اور غیر شادی شدہ ہوں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت اس اسکیم پر 17,000 کروڑ روپے خرچ کر چکی ہے، جسے اقوام متحدہ نے بھی سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنیاشری کی وجہ سے ابتدائی، ثانوی اور اعلیٰ ثانوی سطح پر اسکول چھوڑنے کی شرح میں کمی آئی ہے۔ ابتدائی سطح پر اسکول چھوڑنے کی شرح صفر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو خود مختار بنانا اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد دینا ہے۔