پاکستانی دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے ہندوستان ہر قدم اٹھائے گا: راج ناتھ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-05-2025
پاکستانی دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے ہندوستان  ہر قدم اٹھائے گا: راج ناتھ
پاکستانی دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے ہندوستان ہر قدم اٹھائے گا: راج ناتھ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کے روز کہا کہ پاکستان کو یہ بات صاف طور پر سمجھ لینی چاہیے کہ آزادی کے بعد سے ہندوستان کے خلاف جو "خطرناک کھیل" وہ کھیل رہا ہے، وہ اب ختم ہو چکا ہے۔ گوا کے قریب طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت پر بحریہ کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے اسلام آباد کو سخت تنبیہ دی اور کہا کہ ہندوستان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اُن طریقوں کے استعمال میں بھی ہچکچائے گا نہیں، جن کے بارے میں پاکستان سوچ بھی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف وہ تمام طریقے اپنائیں گے، جن کا پاکستان تصور کر سکتا ہے، بلکہ اُن طریقوں سے بھی حملہ کریں گے جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں یہی بہتر ہوگا کہ وہ اپنی سرزمین پر پروان چڑھ رہی "دہشت گردی کی نرسریوں" کو جڑ سے ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زمین سے ہندوستان مخالف سرگرمیاں کھلے عام جاری ہیں، اور ہندوستان سرحد کے اِس پار ہو یا اُس پار، دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی طرح کا آپریشن کرنے میں مکمل طور پر آزاد ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ آج پوری دنیا اس بات کو تسلیم کر رہی ہے کہ ہندوستان کو اپنے شہریوں کو دہشت گردی سے بچانے کا حق حاصل ہے، اور آج دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کو یہ حق استعمال کرنے سے روک نہیں سکتی۔
انہوں نے "آپریشن سیندور" کے دوران ہندوستانی بحریہ کے کردار کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بحریہ نے خاموشی سے خدمات انجام دے کر ہر ہندوستانی کو متاثر کیا ہے۔ اپنی خاموش طاقت کے ذریعے بحریہ نے پاکستانی فوج کو مصروف رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا، تب عرب سمندر میں ہندوستانی بحریہ کی جارحانہ موجودگی نے پاکستانی بحریہ کو اُس کے اپنے ساحلوں تک محدود کر دیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارا حملہ اتنا زوردار تھا کہ پاکستان دنیا بھر سے ہندوستان کو روکنے کی فریاد کرنے لگا۔ ہم نے بہت کم وقت میں نہ صرف پاکستان کے دہشت گرد ٹھکانوں کو، بلکہ اُن کے ناپاک ارادوں کو بھی تہس نہس کر دیا۔ جس تیزی، گہرائی اور واضح حکمت عملی سے ہمارے مسلح افواج نے کام کیا، وہ قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ "آپریشن سندور نے نہ صرف دہشت گردوں کو، بلکہ اُن کے سرپرستوں کو بھی ایک واضح پیغام دے دیا ہے کہ اب ہندوستان اپنے شرائط پر کارروائی کرتا ہے — اور اپنی مرضی سے اسے روکتا ہے۔